پی ایس ایل 2021:ملتان سلطانزکے7وکٹوں پر150رنز:اسلام آبادیونائیٹڈ کےلیےجیت مشکل بنادی

0
27

کراچی :پی ایس ایل 2021:ملتان سلطانزکے7وکٹوں پر150رنز:اسلام آبادیونائیٹڈ کےلیےجیت مشکل بنادی،اطلاعات کے مطابق پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 6 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ 2021 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کپتان محمد رضوان کی 71 رنز کی بہترین اننگز کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 150 رنز بنائے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ کا ٹاس اسلام آباد کے شاداب خان نے جیتا اور پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ملتان سلطانز نے جب بیٹنگ کا آغاز کیا تو کرس لین صرف ایک رن بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

کپتان محمد رضوان کا ساتھ دینے کے لیے جیمز وینس آئے اور دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن جیمز وینس 16 رنز بنا کر گریگوری کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

محمد رضوان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کی کارکردگی جاری رکھی اور شان دار کھیل پیش کیا۔محمد رضوان نے اچھی ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی لیکن دوسرے اینڈ بلے باز آؤٹ ہوتے رہے، رلی روسو نے 25 رنز بنا کر 87 کے مجموعے تک ساتھ ضرور دیا۔

صہیب مقصود ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے صرف 2 رنز بنا کر محمد وسیم جونیئر کی پہلی وکٹ بن گئے اور خوشدل شاہ بھی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان نے شان دار نصف سنچری مکمل کی۔سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے 71 رنز کی شان دار اننگز کھیلی اور اپنا پہلا میچ کھیلنے والے محمد وسیم کی ایک شان دار گیند پر بولڈ ہوگئے۔

شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان باؤلر محمد وسیم نے دوسری گیند پر شاہد آفریدی کو آؤٹ کرکے ہیٹ ٹرک کے موقع پر آئے تاہم کارلوس بریتھویٹ نے چوکا لگا ان کی امیدیں ختم کردیں۔

محمد وسیم نے پی ایس ایل میں اپنے پہلے میچ میں شان دار کارکردگی دکھائی اور سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں،گریگوری نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شاداب خان نے کہا کہ اس وکٹ پر ہم ملتان سلطانز کو 140 رنز تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ہم وکٹ کے مطابق اپنی بہترین ٹیم میدان میں اتاریں گے اور حالات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کپتان شاداب خان، ایلکس ہیلز، فل سالٹ، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، لوئس گریگوری، فہیم اشرف، حسن علی، ظفر گوہر اور محمد وسیم پر مشتمل ہے۔

ملتان سلطانز کی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، کرس لین، جیمز وِنس، روسو، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، کارلوس بریتھ ویٹ، سہیل تنویر، محمد عمر اور صہیب اللہ شامل ہیں۔

دوسری طرف کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اورملتان سلطانز کے درمیان کانٹے دارمقابلے کی توقع ہے اورامید کی جارہی ہے کہ یہ میچ ملتان سلطانز جیت سکتی ہے

قبل ازیں پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو باآسانی 4 وکٹوں سے شکست دے کر قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔

زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قلندرز کو جیت کے لیے 141 رنز کا ہدف دیا تھا، جو قلندرز نے محمد حفیط کی 33 اور راشد خان کی 27 رنز کی دھواں دھار اننگز کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پی ایس ایل زلمی کا افتتاحی میچ دفاعی چمپیئن کراچی نے جیت لیا تھا جہاں سرفراز کی قیادت میں کوئٹی گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 121 رنز بنائے تھے۔کراچی کنگز نے آسان ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 14 ویں اوور میں حاصل کرکے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

Leave a reply