پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 2020) کی ٹرافی کی رونمائی ، بڑے بڑے نام جب اسٹیڈیم میں داخل ہوئے توکیفیت جزباتی ہوگئی

0
22

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 2020) کی ٹرافی کی رونمائی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل میں شامل فرنچائز مالکان اور کپتانوں کے ہمراہ ٹرافی کی باقاعدہ رونمائی کی گئی ۔

اسکواش کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے جہانگیر خان ایونٹ کی ٹرافی تھامے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں داخل ہوئے۔جہانگیر خان نے ٹرافی دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے حوالے کی۔ سرفراز احمد نے ٹرافی چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے حوالے کی۔

 

پی ایس ایل 2020 کی ٹرافی یو کے کی ایک کمپنی اوٹ وِل سلور اسمٹس نے تیار کی ہے۔ٹرافی کے اوپر نصب ایک چاند اور سہ جہتی ستارہ پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی 65 سینٹی میٹر لمبی اور 8 کلوگرام وزنی ہے۔ چمچماتی ٹرافی کے اردگرد مخصوص رنگ بھی نمایاں ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی ایس ایل کے ہر ایڈیشن میں اب یہی ٹرافی استعمال ہوگی۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ جب پاکستان سپر لیگ کا مکمل ایونٹ پاکستان میں کھیلا جائے گا۔چونتیس میچوں پر مشتمل ایونٹ کے 14 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور ، 9 نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 8 پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اور 3 ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

پاکستان سپرلیگ 5 کا آغاز رنگارنگ افتتاحی تقریب سے کل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا جس میں راحت فتح علی ، ابرار الحق، سجاد علی، صنم ماروی، آئمہ بیگ، ابو محمد، فرید ایاز اور سوچ بینڈ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ایونٹ کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔

Leave a reply