پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات کے خاتمے کے لیے عارف علوی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرونی اختلافات کو ختم کرنے کے لیے پارٹی قیادت نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کی سربراہی سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کو سونپی گئی ہے۔ یہ اقدام پارٹی میں حالیہ دنوں میں پیدا ہونے والے اختلافات کو ختم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے، تاکہ پارٹی کی اندرونی وحدت اور تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق، عارف علوی کی سربراہی میں بنائی گئی اس کمیٹی کا بنیادی مقصد پارٹی کے ان رہنماؤں سے ملاقاتیں کرنا ہے جو اندرونی اختلافات کا شکار ہیں یا جن کے تحفظات ہیں۔ عارف علوی ان رہنماؤں کے تحفظات کو سنے گے اور انہیں دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس کمیٹی کو ایک ہفتے کے اندر اندر اپنی تجاویز اور رپورٹ پارٹی قیادت کو پیش کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
یہ کمیٹی اس بات کا جائزہ لے گی کہ پارٹی کے اندر کون سے معاملات اور ایشوز اختلافات کا سبب بن رہے ہیں اور انہیں کیسے حل کیا جا سکتا ہے۔ پارٹی کے اندرونی مسائل کو حل کرنے کے لیے یہ کمیٹی مختلف رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کرے گی اور ان کے خیالات اور تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع رپورٹ تیار کرے گی۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی کے خیبر پختونخوا چیپٹر میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے، جب سابق صوبائی وزیر شکیل خان کو وزارت سے ہٹایا گیا۔ اس فیصلے کے بعد پارٹی میں مختلف رہنماؤں کے درمیان شدید اختلافات سامنے آئے تھے، جنہوں نے پارٹی کی یکجہتی کو متاثر کیا۔ اسی پس منظر میں پارٹی قیادت نے یہ فیصلہ کیا کہ ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے جو ان اختلافات کو ختم کرنے کے لیے کام کرے۔سابق صدر عارف علوی کو اس کمیٹی کی سربراہی سونپنے کا فیصلہ ان کی پارٹی میں اہمیت اور تجربے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ عارف علوی پارٹی کے سینئر رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کے پاس معاملات کو سلجھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ پارٹی کے اندر اس اقدام کو ایک مثبت پیشرفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے امید کی جا رہی ہے کہ اندرونی اختلافات کو ختم کر کے پارٹی کو دوبارہ متحد اور مضبوط بنایا جا سکے گا۔