پی ٹی آئی حکومت میں انتقامی کاروائیوں کا انکشاف، اداکارہ نے مشیر سے مل کرشوہر کیخلاف مقدمات بنوائے

ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت میں برائے نام احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں کی گئی تھی ، اداکارہ صوفیہ مرزا نے مشیر احتساب شہزاد اکبر کے ساتھ مل کر اپنےسابق شوہر کیخلاف انتقامی مقدمات درج کروائے۔

لیکن صوفیہ مرزا نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنی بچیوں کو ریکور کرانے کیلئے شہزاد اکبر تو کیامریم نواز سے بھی ملنے کو تیار ہے۔

سماء کی رپورٹ کے مطابق: پاکستان تحریک انصاف دور میں احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیوں کا انکشاف ہوا ہے، سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر نے دوستوں کے کہنے پر لوگوں کو نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق شہزاد اکبر نے صوفیہ مرزا کو ایف آئی اے کو شکایت درج کرانے کا مشورہ دیا، شہزاد اکبر نے ایف آئی اے کے سابق ڈی جی بشیر میمن کے ذریعے پاکستانی نژاد نارویجین شہری عمر فاروق کیخلاف کارروائی کرائی، مبینہ فراڈ اور 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے جھوٹے کیسز بنائے، ساتھ ہی پاکستان اور دبئی میں جائیدادوں کا بھی الزام لگایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق شہزاد اکبر نے صوفیہ مرزا کی شکایت وزارت داخلہ کے ذریعے پی ٹی آئی حکومت کی کابینہ تک پہنچائی، کابینہ کو بتایا گیا ایف آئی اے کی تفتیش کے بعد عمر فاروق ظہور کے خلاف 2 کیس درج کئے، کابینہ میں سمری کی منظوری کے بعد عمر فاروق ظہور کا نام ای سی ایل میں بھی ڈالا گیا۔

سما ء کے نمائندہ کے مطابق: سوئٹزر لینڈ اور ناروے میں کیسز ختم ہوتے ہی عمر فاروق کیخلاف پاکستان میں عجلت میں کیسز بنائے گئے، غیرقانونی اقدامات سے بچنے کیلئے عمر فاروق نے جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور سے رجوع کیا، کرپشن ثابت نہ ہونے پر احتساب عدالت نے 2013ء میں عمر فاروق کو کلین چٹ دی تھی۔

صوفیہ مرزا، شہزاد اکبر اور عمر فاروق


شہزاد اکبر سے تعلق پر جب صوفیہ مرزا سے سوال کیا گیا تو انہوں نے معاملے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو باتیں کی جارہی ہیں وہ ثابت کریں، میرا نام میڈیا میں صوفیہ مرزا جبکہ حقیقت میں خوش بخت مرزا ہے، اسی نام سے درخواست دی تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ اپنی بچیوں کو بازیاب کرانے کیلئے کو ہوسکا کروں گی، شہزاد اکبر سے کیا مریم نواز سے بھی ملوں گی تو کیا ان سے تعلق جوڑ دیا جائے گا، میرے خلاف جو باتیں کی جارہی ہیں، ان کا علم نہیں۔

اسی معاملے میں سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کا نام بھی سامنے آیا ہے جس پر انہوں نے سماء کو بتایا کہ شہزاد اکبر نے صوفیہ مرزا اور ان کے شوہر کے جھگڑے کے معاملے پر مجھے نوٹسز دلوائے، کیس بنوائے گئے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ وزیراعظم اور کابینہ ارکان کیخلاف غیرقانونی اقدامات کرنے کیلئے عمران خان نے کہا تھا، شہزاد اکبر کا وہ لیول نہیں کہ ڈی جی ایف آئی اے کو ڈکٹیٹ کروا سکتا۔

تاہم دوسری جانب لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوفیہ مرزا نے کہا کہ میں 10 سال سے اپنی بچیوں سے نہیں ملی، وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز سے اپیل ہے کہ بچیاں واپس دلائیں۔

اداکارہ صوفیہ مرزا لاہور میں پریس کانٖفرنس کرتے ہوئے

صوفیہ مرزا نے کہا کہ بیٹیوں سے جدائی بہت تکلیف دہ معاملہ ہے، سابق شوہر عمرفاروق ظہور میری بیٹیوں کو صدف ناز کی بیٹیاں ظاہر کرکے دبئی لے گیا، میں ہرجگہ درخواستیں دیتی پھر رہی ہوں کہ بیٹیاں واپس دلائی جائیں۔

ماڈل و اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ میری شہرت کو نقصان پہنچایاگیا،گھٹیا الزامات لگائےگئے، مجھے دھمکیاں بھی مل رہی ہیں ۔
واضح رہے کہ : دبئی میں مقیم پاکستانی نژاد نارویجیئن شہری عمر فاروق ظہور کے خلاف مہم کا بھانڈا عدالتی دستاویزات نے پھوڑا جس میں ان پر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے نکلے اور عمر فاروق کو تین ممالک کی عدالتوں نے عدم ثبوت پر ان کے خلاف بنائے گئےکیسز خارج کردیے۔

Comments are closed.