پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم نو ، کئی نئے چہرے پارٹی عہدے حاصل کرنے میں کامیاب

0
54

اسلام آباد:تبدیلی والی سرکار نے اپنی پارٹی کی تنظیم نو کرکے بڑی بڑی تبدیلیاں کردیں،اطلاعات کے مطابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم نو کا اہم مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ پارٹی چیئرمین و وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں تنظیمی ذمہ داران کی تقرریوں کی منظوری دیدی ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کی جانب سے تقرریوں کے باضابطہ نوٹیفکیشنز جاری کردیئے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق اعجاز احمد چوہدری بطور صدر صوبہ پنجاب کی قیادت کریں گے جبکہ شعیب صدیقی کو صوبہ پنجاب کے جنرل سیکرٹری کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کی ذمہ داری نور خان بھابھہ کے سپرد کی گئی ہے جبکہ علی رضا دریشک جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیں گے۔

وفاقی دارالحکومت میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں اور فرید رحمان پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر مقرر کیے گئے ہیں جبکہ الیاس مہربان اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری مقرر ہوچکے ہیں۔ بیرسٹر سلطان محمود آزاد جموں و کشمیر کی صدارت کے فرائض سرانجام دیں گے اور آزاد جموں و کشمیر کے جنرل سیکرٹری کے فرائض راجہ مصدق خان کے سپرد کیے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق بلوچستان کی صدارت کی ذمہ داریاں ڈاکٹر منیر بلوچ کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ باری بڑیچ بلوچستان میں بطور سیکرٹری جنرل فرائض سرانجام دیں گے۔ سید جعفر شاہ بطور صدر گلگت بلتستان فرائض سرانجام دیں گے اور فتح اللہ خان گلگت بلتستان کیلئے تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری مقرر کیے گئے ہیں۔

Leave a reply