اسلام آباد(باغی ٹی وی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں تہلکہ خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف اقتدار کی جنگ تو لڑ سکتی ہے، لیکن ملک کی نہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر دہشت گردی کے واقعے پر ملک دشمن پروپیگنڈا کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ یہ لوگ شہداء کی توہین کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بولان واقعہ کو جس طرح پیش کیا، وہ سب نے دیکھا۔ انہوں نے فوج کی کامیابی کے بجائے کہا کہ دہشت گردوں نے لوگوں کو خود چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا نے دہشت گردوں کو حملے کا کریڈٹ دیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں میں اتنی جرات نہیں کہ وہ یہاں آ کر قانون کا سامنا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے واقعے میں ملوث تمام دہشت گردوں کا صفایا کر دیا ہے اور یہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک بڑا سنگ میل ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ جعفر ایکسپریس واقعے میں بہت زیادہ اموات ہو سکتی تھیں، لیکن سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے بڑے نقصان سے بچا لیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج کے ساتھ کھڑی رہے، تو ہم ضرور کامیاب ہوں گے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے اپنی تقریر میں ہماری قیادت اور صدر مملکت پر حملہ کیا اور ہر چیز کو غیر قانونی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اپنے ماضی پر نظر دوڑانی چاہیے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ دو روز میں سیکڑوں لوگوں کو یرغمال بنایا گیا اور انہیں بے دردی سے شہید کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے جو کردار ادا کیا ہے، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دہشت گردی ختم نہیں ہوتی، یہ جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی کسی مزید آپریشن کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے، لیکن امکان ہے کہ آپریشن کیا جائے گا۔