پی ٹی آئی کا بیانیہ دفن ہو گیا، عطا تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کو عوام کی جانب سے مسترد کیے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔عطا تارڑ نے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جلسے میں شرکت کے لیے جن لاکھوں لوگوں کے باہر نکلنے کی توقع کی جا رہی تھی، وہ کہیں نظر نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ جلسے کی ناکامی کو چھپانے کے لیے پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی اور ویڈیو چلائی جا رہی ہے، حالانکہ حقیقت بتانی چاہیے تھی۔ وفاقی وزیر نے مشورہ دیا کہ بہتر ہوتا اگر جلسے کی ڈرون فوٹیج شیئر کر لی جاتی تاکہ سب کو حقیقت معلوم ہو جاتی۔ انہوں نے جلسے کو طنزیہ انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا جلسہ ایسا تھا جیسے "کھودا پہاڑ اور نکلا چوہا، وہ بھی مرا ہوا۔”عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی چاہے جو بھی کر لے، انہیں اپنے کیسز کا سامنا کرنا ہی پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ احتساب کا عمل رکنے والا نہیں ہے، اور پی ٹی آئی کو توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کے کیسز کا جواب دینا پڑے گا۔