پاکستان تحریک انصاف کا تنظیم نو کا فیصلہ

اسلام آباد۔(اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد نے پارٹی کو وفاقی دارالحکومت میں نچلی سطح پر مستحکم کرنے کیلئے تمام 50 یونین کونسلوں میں تنظیم نو کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر فرید رحمن نے جمعرات کو ”اے پی پی“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے تینوں حلقوں میں شہریوں کی سہولت کیلئے مقامی سطح پر پارٹی کے دفاتر کھولے جا رہے ہیں، یہ دفاتر ہر وقت اسلام آباد کے رہائشیوں کیلئے کھلے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں صحت، تعلیم اور شہری خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے قبضہ مافیا کو سرکاری اراضی پر قبضہ کی اجازت دی تاہم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے قبضہ مافیا سرکاری زمینیں واگزار کرائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کیلئے کوشاں ہے۔ فرید رحمن نے کہا کہ ہم وفاقی دارالحکومت کے تمام اداروں میں اقلیتوں کے کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹس کو اور ملک میں تباہی کی سیاست کا خاتمہ پی ٹی آئی حکومت کا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک بھر میں بلاامتیاز تمام شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہیں

Comments are closed.