پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی ہے،شیر افضل مروت

15 سالوں سے پیپلز پارٹی سندھ پر قابض ہے لیکن آج تک سندھ کو قبضوں کے علاوہ کچھ نہیں دیا،
0
151
pti

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی ہے، آج کراچی کے عوام خود گھروں سے نکل کر آئے ہیں-

باغی ٹی وی: کراچی میں پی ٹی آئی کی جانب سے بلاول چورنگی سے سی وی یو نشان پاکستان تک ریلی نکالی گئی ریلی میں کئی عرصے سے پس منظر سے غائب رہنے والے پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان ، آفتاب جہانگیر، فہیم خان، راجا اظہر، سعید آفریدی، ایڈووکیٹ علی پلھ، ایڈوکیٹ رحمان مہیسر سمیت دیگر قیادت سی ویو پر موجود تھی۔

رہنما پاکستان تحریک انصاف شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ ہمارا انتخابی نشان چھینا گیا، امیدوار گرفتار ہوئے لیکن آج بھی انتخابی عمل کا حصہ ہےپی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی ہے، آج کراچی کے عوام خود گھروں سے نکل کر آئے ہیں لیکن جن لوگوں نے انہیں جلسے کی دعوت دی، وہ خود گھروں سے نہیں نکلے،آج جو لوگ نکلے وہ غیور ہیں۔

شیر افضل مروت نے ریلی میں بعض رہنماوں کی عدم موجودگی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران سندھ کی قیادت کے علاوہ اسلام آباد میں کسی کا چہرہ نظر نہیں آرہا تھا لیکن آج کے جلسہ میں سندھ کی قیادت ڈھونڈنے پر نہیں مل رہی، جتنے ٹکٹ ہولڈر آئے ان کو سلام جو نہیں آئے ان پر لعنت بھیجتا ہوں ہماری صفوں میں بزدلوں کی کوئی جگہ نہیں، بانی پی ٹی آئی کو بتاؤں گا جو امیدوار بزدلی سے گھروں میں بیٹھے رہے، ہمت نہیں تھی نکلنے کی تو ٹکٹ کیوں مانگا۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ کل عدالتوں میں انصاف کے منہ پر کالک مل دی، عدالتوں نے بلا چھینا، ہمارے امیدوار گرفتار ہوئے، ہمیں ایسے نشان الاٹ کیے گئے جو ہمارے پہچان نہیں ہمارے کاغذات چھینے گئے۔ پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دیا گیا پاکستان میں پاکستانیوں کیخلاف ہی سازش ہوئی، پاکستانیوں سے ووٹ کا حق چھینا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کی پی ٹی آئی سے محبت کا اندازہ ہے، پی ٹی آئی کیلئے ہر سطح پر زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے، میں کراچی والوں کا پیغام عمران خان کو دوں گا بانی پی ٹی آئی کو بتاؤں گا سندھ کے عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں،صبح سے رکاوٹیں لگائی گئیں پولیس کے ڈالے گھوم رہے تھے۔ جس طرح ورکرز نکلے انہیں سلام، ہم 8 فروری تک اپنی جمہوری جنگ لڑیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے سندھ میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹکٹوں کی تقسیم کی مذمت کرتے ہیں جو ٹکٹ ہولڈر آج کی ریلی میں شریک نہیں وہ ہمارے وفادار نہیں 15 سالوں سے پیپلز پارٹی سندھ پر قابض ہے لیکن آج تک سندھ کو قبضوں کے علاوہ کچھ نہیں دیا، آج بھی کراچی میں شہری پانی ٹینکرز سے خریدنے پر مجبور ہیں۔

Leave a reply