پی ٹی آئی نے امریکا میں لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرلیں

لابنگ فرم کو 45 ہزار ڈالر ادا کیے جائیں گے،جبکہ 35 ہزار پاؤنڈ ادا کیے جا چکے ہیں
0
200
pti

لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے (پی ٹی آئی) کے لیے امریکا میں لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرلی گئیں۔

باغی ٹی وی : نجی خبررساں ادارے نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ لابنگ فرم کی خدمات پی ٹی آئی کے حامی پاکستانی نژاد امریکن فیاض قریشی نے حاصل کیں ، لابنگ فرم ایل جی سی ایل ایل کی خدمات 16 جنوری سے یکم مارچ تک 45 دن کے لیے حاصل کی گئیں، لابنگ فرم کو 45 ہزار ڈالر ادا کیے جائیں گے،جبکہ 35 ہزار پاؤنڈ ادا کیے جا چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق فیاض قریشی کی لابنگ فرم کے سربراہ اسٹیفن پائن سے اپنے دفتر میں ملاقات ہوئی،فرم پاکستان میں پی ٹی آئی ارکان کو درپیش مسائل سے متعلق کانگریس میں آگاہی پیدا کرے گی، پی ٹی آئی امریکا کے ذرائع کے مطابق فرم کی خدمات پارٹی کی پاکستانی قیادت کی ہدایت پر حاصل کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ قبل ازیں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مبینہ طور پر پاکستان کے خلاف ایک نیا محاذ کھولنے کا منصوبہ شروع کر دیا ہےاس اقدام کے لیے پی ٹی آئی کے بیرون ملک مقیم اراکین اور مختلف اداکاروں نے فنڈز فراہم کیے ہیں اس مبینہ منصوبے کے بنیادی مقاصد، سفارتی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ذریعے پاکستان پر دباؤ بڑھانا شامل ہے حتمی مقصد حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پر عالمی دباؤ ڈال کر پی ٹی آئی کے سابق چیئرمین کے لیے مراعات حاصل کرنا ہے۔

ایف آئی اے ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس منصوبے میں پروپیگنڈا کی کوششوں کے ذریعے 9 مئی کو جھوٹے فلیگ آپریشن کا الزام لگا کر مسلح افواج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا بھی شامل ہے، ذرائع کے مطابق اس کا مقصد 8 فروری کے انتخابات کو متنازعہ بنانا اور پی ٹی آئی کی مقبولیت کو بڑھانا ہے،ان مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے، ایف آئی اے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس منصوبے پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے، جس کے شواہد مبینہ طور پر فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) جیسے اداروں کے پاس پہنچ چکے ہیں-

Leave a reply