لاہور: محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں 27 سے 31 جولائی کے دوران موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کر دیا-
باغی ٹی وی : محکمہ موسمیات کے مطابق 27 جولائی سے مون سون ہوائیں زیادہ شدت کے ساتھ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث 27 سے 31 جولائی کے دوران راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ میں بارش کا امکان ہے-
محکمہ موسمیات کے مطابق فیصل آباد، جھنگ، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، ساہیوال، اوکاڑہ، بھکر، لیہ، ملتان، راجن پور، ڈیرہ غازی خان میں بارش متوقع ہے-
محکمہ موسمیات کے مطابق بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور خانپور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور کہیں کہیں وقفے سے موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم نے الرٹ جاری کر دیا ہے 27 سے 31 جولائی کے دوران موسلادھار بارش کے باعث راولپنڈی، فیصل آباد، لاہور اور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے جبکہ اس دوران موسلا دھار بارش کے باعث راولپنڈی، سیالکوٹ، نارووال اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا شدید خطرہ ہے-
پی ڈی ایم کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث دریائے راوی، جہلم اور چناب کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی توقع ہے مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے لہٰذا مسافر اور سیاح موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر سفر کریں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پنجاب کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے کہ وہ اپنے انتظامات کو مکمل رکھیں اور تیار رہیں۔
پی ڈی ایم نے ہدایت کی ہے کہ شہری گھروں کی چھتوں پر پانی کھڑا نہ ہونے دیں، گاڑیاں نشیبی علاقوں میں ہرگز کھڑی نہ کی جائیں، بچوں کو برقی آلات سے دور رکھیں، دریاؤں اور نہروں میں نہانے سے پرہیز کریں-