اب بچ کے دکھائیں مضرصحت کھانے کی چیزیں بنانے والے ،پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فوڈ سیفٹی بائیک سکواڈ متعارف کرادیا

0
50

لاہور:اب بچ کے دکھائیں مضرصحت کھانے کی چیزیں بنانے والے ،پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فوڈ سیفٹی بائیک سکواڈ متعارف کرادیا،اطلاعات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فوڈ سیفٹی بائیک سکواڈ بھی تیار کر لیا، خصوصی تیار کردہ موٹر بائیکس پر فوڈ سیفٹی آفیسرز موصول ہونے والی شکایات کا ازالہ کیا کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی آفیسرز رش والے مقامات اور اندرون محلوں میں قائم دکانوں کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ریڈار پر لائیں گے۔ لائسنسنگ کے دائرہ کار کو بڑھانے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔سکواڈ کے ذریعے صوبہ بھر میں خوراک سے وابستہ کاروبار کو پی ایف اے لائسنس کی مدد سے اتھارٹی کے دائرہ کار میں لانے کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق لاہور سے آغاز کیے گئے پائلٹ منصوبے کو جلد پنجاب کے تمام اضلاع تک پھیلادیا جائے گا۔

دوسری جانب پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے ایکسپائر فلیورز اور مضر صحت کیمیکلز سے جوس بنانے والی فیکٹری سیل کردیا جبکہ 20 ہزار لیٹر ناقص جوس تلف کردیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں لاہور شیخوپورہ روڈ پر 8 گھنٹے طویل آپریشن کیا گیا۔ معروف اورلا جوس بنانے والی پریمیئر انڈسٹریز سیل کردی گئی۔ موقع سے 8 ہزار لیٹرمشروبات، 700 لیٹر فلیورڈ ملک، 680 لیٹرٹی وائٹنر،519 لیٹر جوسز اور 100 لیٹر زائدالمیعاد اشیاء برآمد کی گئیں۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق ایکسپائر فلیورز اور مضر صحت کیمیکلز کی موجودگی پر مینوفیکچرنگ یونٹ کو سیل کیا گیا۔ سٹوریج کے ناقص انتظامات اور تیار پروڈکٹس پر غلط لیبلنگ کی جا رہی تھی۔

عرفان میمن کا کہنا تھا کہ سٹور کی گئی اشیاء پر تاریخ میعاد اور ریکارڈ بھی عدم موجود پایا گیا۔ صوبہ بھر میں خوراک سے وابستہ ہر چھوٹے بڑے کاروبار کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین پر عمل درآمد انتہائی لازم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، کسی بھی جگہ قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں فوڈ پوائنٹ کو بند کردیا جائے گا۔

Leave a reply