پنجاب میں انسداد پولیو کی 5 روزہ خصوصی مہم ، وزیر اعلیٰ کے اہم احکام

پنجاب میں انسداد پولیو کی 5 روزہ خصوصی مہم ، وزیر اعلیٰ کے اہم احکام

باغی ٹی وی : وزیراعلیٰ کی صوبہ بھر میں انسداد پولیو کی موثر مہم چلانے کی ہدایت،کمشنرز اور ڈپٹی کمشنروں کو مہم کی خود مانیٹرنگ کا حکم
پنجاب میں ایک کروڑ 92 لاکھ سے زائد 5 سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو ویکسینیشن پلائی جائیگی:عثمان بزدار
انسداد پولیو مہم کے دوران بہتر کارکردگی پر متعلقہ اضلاع کو انعام دینگے،پولیو ہمارے لئے نیشنل چیلنج ہے، ہر صورت قابو پانا ہے
اپوزیشن کورونا وباء کے دوران قومی ذمہ داریوں کا ادراک کرنے سے قاصر ہے

عوام کو کورونا سے بچانا ضروری ہے نہ کہ بیوقت جلسے، موجودہ صورتحال میں جلسوں کا رتی بھرجواز نہیں
لاہور29 نومبر:وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے صوبہ بھر میں انسداد پولیو کی موثر ترین مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں انسداد پولیو کی 5 روزہ خصوصی مہم کل 30 نومبر سے شروع ہو گی۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنروں کو ذاتی طور پر انسداد پولیو مہم کی بھرپور مانیٹرنگ کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران بہتر کارکردگی پر متعلقہ اضلاع کو انعام دیں گے -انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسینیشن کو موثر بنانے کیلئے مزید 2 ہزار ویکسینیٹرز بھرتی کئے جائیں گے۔زیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ لاہور اور جنوبی پنجاب کے بعض متاثرہ اضلاع میں انسداد پولیو مہم پر خصوصی توجہ دی جائے۔پولیو ہمارے لئے نیشنل چیلنج ہے، ہر صورت قابو پانا ہے۔

پولیو کیس اور انوائرمنٹ سیمپل پازیٹو آنے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے باز پرس ہوگی۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران اعداد و شمار میں گڑبڑ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انسداد پولیو کی مہم کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے 3500 مائیکرو پلان تیار کئے گئے ہیں۔اڑھائی لاکھ سے زیادہ افسر اور اہلکار انسداد پولیو مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک کروڑ 92 لاکھ سے زائد 5 سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو ویکسینیشن پلائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پنجاب کے13 اضلاع میں پولیو کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔10 اضلاع میں پولیو کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے، ان پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمودالرشید، ڈاکٹر مراد راس، چیف سیکرٹری، عالمی ادارہ صحت کے صوبائی سربراہ، یونیسیف لاہور کی ٹیم لیڈر، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر، کمشنر و ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔صوبے بھر سے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

پی ڈی ایم کی جلسوں سے فرق نہیں پڑتا،پی ڈی ایم عوام کی زندگیوں سے کھیلنے سے باز رہے:وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر خطرناک رخ اختیار کر چکی ہے -کورونا کی اس لہر میں غیر روایتی علامتیں سامنے آرہی ہیں، احتیاط بے حد ضروری ہے- کورونا تقریبا ختم ہونے کے قریب تھا، اپوزیشن کی بد تدبیری نے دوبارہ زندگی دی-انہوں نے کہا کہ مسترد شدہ عناصر نے پہلے کرپشن کا وائرس پھیلایا اور اب یہ کورونا پھیلارہے ہیں -پی ڈی ایم کی جلسوں سے فرق نہیں پڑتا۔پی ڈی ایم عوام کی زندگیوں سے کھیلنے سے باز رہے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو ریاست کی رٹ چیلنج نہیں کرنے دیں گے۔انسداد کورونا ایس او پی کی خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن کورونا وباء کے دوران قومی ذمہ داریوں کا ادراک کرنے سے قاصر ہے -عوام کو کورونا سے بچانا ضروری ہے نہ کہ بیوقت جلسے – حکومت کورونا کی دوسری لہر کو روکنے کیلئے کوشاں ہے اور مسترد شدہ عناصر جلسہ پولیٹیکس کر رہے ہیں -انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کی موجودہ صورتحال میں جلسوں کا رتی بھرجواز نہیں -حکومت انسانی جانوں سے کھیلنے ہرگز اجازت نہیں دے گی -سیاسی مفادات کے لئے اپوزیشن نے قومی مفاد کو پس پشت ڈال دیا-

Comments are closed.