محکمۂ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 166 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 11 دہشت گردوں کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
یہ کارروائیاں سرگودھا، راولپنڈی، پاک پتن، گجرات، چکوال، بہاولپور، بہاول نگر اور فیصل آباد میں کی گئیں، جن کے دوران متعدد دہشت گردوں کو قانون کی گرفت میں لایا گیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ان آپریشنز کے دوران میانوالی میں ٹی ٹی پی (تحریک طالبان پاکستان) کے ایک خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا، جو بارودی مواد سمیت پکڑا گیا۔ اس دہشت گرد کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، ڈیٹونیٹرز، پمفلٹ، نقدی اور پرائمہ کارڈ بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ترجمان سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت حیدر سلطان، ولی رحمٰن، زبیر، امین، اکبر، مقصود خان، عمیر، ظفر اقبال، ابراہیم قاسمی، محب اللّٰہ اور صدام حسین کے ناموں سے ہوئی ہے۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے یہ کارروائیاں دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے اور عوامی تحفظ کے لیے کی گئی ہیں۔ ان کارروائیوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے ادارے اپنی صلاحیتوں کو بڑھاتے ہوئے دہشت گردوں کی سرگرمیوں کا پتہ لگا رہے ہیں اور ان کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کر رہے ہیں۔یہ کامیاب آپریشنز اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کیخلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں اور سیکورٹی ادارے اپنے فرائض کو بخوبی انجام دے رہے ہیں۔