ڈیرہ غازیخان- پروفیسرشعیب رضا کا اعزاز، پنجاب ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے فوٹوگرافی کے مقابلہ میں جنوبی پنجاب کی نمائندگی کی

باغی ٹی وی : ڈیرہ غازیخان (شہزاد خان ) پروفیسر شعیب رضا کا اعزاز، پنجاب ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے فوٹوگرافی کے مقابلہ میں جنوبی پنجاب کی نمائندگی کی۔
الحمرا آرٹ گیلری لاہور میں پنجاب ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سےعالمی یوم سیاحت کی مناسبت سے تاریخی ورثہ کے موضوع پر دو روزہ تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔پنجاب لیول کی اس نمائش میں جنوبی پنجاب سے ڈیرہ غازی خان کے پروفیسر شعیب رضا نےحصہ لیا ، پنجاب کے خوبصورت ورثہ کے حوالے سے ان کی تین تصاویر کا انتخاب کیا گیا جن میں ایک تصویر ملتان کی تاریخی انگریز دور کی عمارت گھنٹا گھر کی ہے۔ اس عمارت کا سنگ بنیاد 1884 میں رکھا گیا تھا، یہ عمارت ہر دور میں سیاحوں کے لیے پر کشش رہی ہے اور آج بھی ملتان آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاح قلعہ ملتان کے ساتھ اس عمارت میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔علاوہ ازیں پروفیسر شعیب رضا کی اٹک خورد کے انگریز دور کے ریلوے اسٹیشن کی تصویر پوری نمائش میں خصوصی توجہ کا مرکز رہی۔ اس تصویری نمائش میں پنجاب بھر سے فوٹو گرافرز نے حصہ لیا اور عوام کی خاصی تعداد نے اس نمائش کو دیکھا، اس نمائش کے انعقاد کا سہرہ پنجاب ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے فوکل پرسن عثمان قریشی صاحب کو جاتا ہے جنہوں نے پنجاب بھر سے فوٹو گرافرز کو موقع دیا کہ وہ اپنی بہترین تصاویر نمائش میں پیش کریں ۔ ایسی تصویری نمائشوں سے پرانے فوٹو گرافرز کی پذیرائی ہوتی ہے اور نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، پروفیسر شعیب رضا نے کہا کہ ایسی تصویری نمائشیں پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی منعقد ہونی چاہیئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ایسی مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملے اور فوٹوگرافی کے آرٹ کوفروغ ملے۔

Leave a reply