قیامت کی علاماتِ صغریٰ،کبریٰ،امام مہدی اور فتنۂ دجال قسط:3 تحریر ؛جویریہ چوہدری

0
37

قیامت کی علاماتِ صغریٰ،کبریٰ،امام مہدی اور فتنۂ دجال__!!!(قسط:3)۔
(تحریر:جویریہ چوہدری)

قیامت کی نشانیوں میں سے یہ بھی ہے کہ جھوٹ کثرت سے بولا جائے گا”(مسند احمد)۔
آج ہر طرف جھوٹ کا دور دورہ ہے،یوں سمجھیں کہ جھوٹ عیب ہی نہیں رہا اور سچ کی اہمیت کی پرواہ ہی نہیں رہی…!!!
آج اولاد والدین کے سامنے جھوٹ بولتے ہیں اور والدین اولاد کے سامنے…
بازاروں میں چلے جائیں تو کاروباری حضرات جھوٹی قسموں اور دعوؤں سے سر چکرا دیتے ہیں اور اسی جھوٹ کے بل بوتے پر ناجائز اور بھاری منافع کما لیتے ہیں…
حکمران عوام سے جھوٹے وعدے کرتے ہیں اور کمزور طبقہ اس جھوٹ سے متاثر ہو کر خوار ہوتا رہتا ہے حالانکہ جو بھی معاملہ ہو،جھوٹ کا سہارا لینا ہی غلط ہے اور ایسا نہیں ہونا چاہیئے۔۔۔ارشادِ ربانی ہے:
"اے لوگو جو ایمان لائے ہو !
اللّٰہ سے ڈرو،اور سیدھی بات کیا کرو۔”(الاحزاب)۔
کبھی فرمایا:
"اے لوگو جو ایمان لائے ہو !
اللّٰہ سے ڈرو اور سچوں کے ساتھ ہو جاؤ…”(التوبۃ)۔
رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:
"آدمی جھوٹ بولتا رہتا ہے یہاں تک کہ وہ اللّٰہ کے ہاں بہت جھوٹا لکھ لیا جاتا ہے”(صحیح بخاری)۔
تو آج بھی جب ہر طرف جھوٹ کا دور دورہ ہے تو ان لمحات میں موقع ملے ہوئے ہے تو اپنا شمار ان لوگوں میں کروانے کی کوشش کرنی چاہیئے جو سچ کی ترویج کا باعث ہوں۔
اور روزمرہ زندگی کے امور میں بھی جھوٹ سے نجات پانے کی کوشش کرنی چاہیئے۔
تبھی پیارے پیغمبر صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ:
"بے شک سچ اطمینان کا باعث ہے اور جھوٹ شک کا سبب ہے(رواہ الترمذی)۔

مساجد کی تزئین و آرائش میں آگے نکلنا بھی قیامت کی نشانیوں میں سے ہے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:
"قیامت قائم نہیں ہو گی حتیٰ کہ لوگ مساجد کی تزئین و آرائش میں ایک دوسرے پر فخر کریں گے …(ابو داؤد)
اسی طرح بلند و بالا عمارات کی تعمیر بھی قیامت کی علاماتِ صغریٰ میں سے ہے کہ رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:
"قیامت قائم نہیں ہو گی حتیٰ کہ لوگ لمبی،بلند و بالا عمارتیں میں ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گے…(صحیح بخاری)۔
آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب آپ ننگے پاؤں،ننگے بدن والے بکریوں کے چرواہوں کو دیکھیں کہ وہ لمبی عمارتیں بنانے میں ایک دوسرے سے مسابقت کرتے ہیں…!!!(بخاری و مسلم)

قیامت کی نشانیوں میں سے یہ بھی ہے کہ مسلمان یہود و نصاریٰ کی مشابہت کریں گے
رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ:
قیامت قائم نہیں ہو گی حتیٰ کہ میری امت پہلی امتوں کے برابر ہو جائے گی جیسے بالشت بالشت کے اور ہاتھ ہاتھ کے برابر ہوتا ہے…(صحیح بخاری)۔
آج مسلمانوں کی زندگی کے بیشتر معاملات ان کی مشابہت میں ہی گزرتے ہیں،رہن سہن کے انداز،تہذیب و ثقافت کے انداز،تجارت و کاروبار کے انداز وائے افسوس آج ہم یہود و نصاریٰ سے سیکھ رہے ہیں…اور اسے ہی کامیابی تصور کیا جاتا ہے…!!!
قیامت کی نشانیوں میں سے یہ بھی ہے کہ ایسے سال آئیں گے جب :
"ہر طرف دھوکہ ہی دھوکہ ہو گا،جھوٹے کو سچا اور سچے کو جھوٹا،خائن کو امانتدار اور امانتدار کو خائن سمجھا جانے لگے گا…(ابنِ ماجہ_کتاب الفتن)۔

(جاری ہے…)

Leave a reply