پاکستان ٹحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد آگے بڑھیں اور قوم کو غلامی سے نجات دلوانے کیلئے کردار ادا کریں،فیصل آباد سے وکلاء کے بڑے گروپ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر دیا.
شمولیت اختیار کرنے والے وفد نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خن سے ملاقات کی.وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب، حسن نیازی ، رکن صوبائی اسمبلی لطیف نذر بھی اس موقع پر موجود تھے.عمران خان سے ملاقات کرنے والوں میں فیصل آباد سے ممبر پنجاب بار کونسل امتیاز لونہ، ڈسٹرکٹ بار کے صدر بلال سعید بسرا اور سابق سیکرٹری فیصل آباد بار اظہر حنیف خان وفد میں شامل تھے.
سابق صدر فیصل آباد بار شہزاد چیمہ کا بھی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا اور کہا کہ حقیقی آزادی و غلامی نامنظور کے ایجنڈے پر چیئرمین تحریک انصاف کا بھرپور ساتھ دیں گے.ملاقات کے دوران بیرونی سازش نے نتیجے میں منتخب جمہوری حکومت کے خاتمے کی شدید مذمت کی گئی.تحریک انصاف میں شرکت کرنے والے وکلاء نمائندوں نےاسلام آباد مارچ میں بھرپور شرکت کا بھی اعلان کیا.
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ منتخب حکومت کو سازش کے ذریعے ختم کرنے کا رجحان جمہوریت کیلئے تباہ کن ہے، آزاد فیصلہ سازی کے بغیر قائد و اقبال کے پاکستان کے قیام کی منزل تک رسائی ممکن نہیں ہے.غلام قوموں کا حال اپنا ہوتا ہے نہ مستقبل کی کوئی امنگ، قوم اپنی آزادی و خودمختاری کے تحفظ کیلئے یکسو اور تیار ہے،تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد آگے بڑھیں اور قوم کو غلامی سے نجات دلوانے کیلئے کردار ادا کریں، عمران خان نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے وکلاء کا خیر مقدم کیا. ملاقات کے دوران ملک میں آئینی سکیم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور اختیارات کی تثلیث کی عدم تعظیم پر بھی گہرے تحفظات کا اظہار کیا گیا.