کوئٹہ دھماکہ میں شہید اور زخمی افراد کے نام جاری، صدر مملکت، نیول چیف، وزیر خارجہ کی مذمت

0
29

کوئٹہ دھماکہ میں شہید اور زخمی افراد کے نام جاری، صدر مملکت، نیول چیف، وزیر خارجہ کی مذمت
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت، نیول چیف، وزیر خارجہ، سپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی سپیکر نے کوئٹہ بم دھماکے کی مذمت کی ہے.

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کوئٹہ دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے شہداءکے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور شہداءکے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی.

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کوئٹہ مسجد میں دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گرد ملک میں بدامنی پیدا کرنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں، قوم ان ناپاک سازشوں کے خلاف متحد ہے۔ انہوں نے شہداءکی بلندی درجات، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور سوگوار خاندانوں کےلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے سیٹلائٹ ٹاﺅن کوئٹہ میں ہونے والے دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکہ کے نتیجہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دھماکہ میں جام شہادت نوش کرنے والے بلوچستان پولیس کے بہادر افسران خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کوئٹہ سیٹلائٹ ٹاون میں دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے اس کے نتیجہ میں ہونے والے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے دھماکہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اور عبادت گاہیں امن کا گہوارہ ہیں، انہیں نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں، ہماری پولیس، عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والا دھماکہ ملک میں امن و امان کو تباہ کرنے کی گھناونی سازش ہے، پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مذموم کوشش کرنے والے ملک دشمن عناصر کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ شہداءکی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیر خارجہ نے بلوچستان دھماکہ میں شہید ہونے والوں کیلئے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی

واضح رہے کہ کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاﺅن میں مسجد میں دھماکے سے ڈی ایس پی اور امام مسجد سمیت 14افراد شہید جبکہ 19افراد زخمی ہوگئے،پولیس کے مطابق جمعہ کی شام سیٹلائٹ ٹاﺅن کے علاقے غوث آباد کے مسجد کے اندر نماز مغرب کے وقت ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ اور مسجد کے امام سمیت 14افراد شہید ہوگئے جبکہ 19زخمی ہوگئے۔

دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر سول ہسپتال ،بولان میڈیکل ہسپتال اور کوئٹہ کے دیگر ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کرکے تمام طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں،ڈپٹی انسپکٹر پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے دھماکے میں ڈی ایس پی امان اللہ کی شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔

دھماکے کے بعد پولیس،سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ریسکیو کے عملے کے ساتھ زخمیوں کوسول ہسپتال ٹراماسینٹر اور بولان میڈیکل ہسپتال منتقل کردیا۔ ترجمان سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق ہسپتال میں 14لاشوں اور 19زخمیوں کو لایاگیا ہے،

پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا تاحال علم نہیں تاہم بی ڈی اےس سمیت فورسز کی بڑی تعداد نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کاآغاز کردیا ہے ،دھماکے سے مسجد کو بھی شدید نقصان پہنچا اور مسجد کے دروازے کھڑکیاں اور الماریاں ٹوٹ گئیںاور دیگر سامان بھی بکھر گیا ،دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی جس سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔

دھماکے میں شہید ہونے والوں کی شناخت ڈی ایس پی امان اللہ ،حافظ الرحمن،رفیع اللہ،اللہ محمد،حمد اللہ ،کاکا ،مطیع اللہ ،جہانگیر کے ناموں سے ہوئی ہیں جبکہ6افراد کے ناموں کی تاحال شناخت نہ ہوسکی ،دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی شناخت ،عظمت اللہ ،عبدالہادی ،معاذ اللہ،حکمت خان،شمس اللہ،انعام اللہ ،قدرت اللہ ،جنید ،مطیع اللہ ،ذاکراللہ ،مغفور اللہ ،مولوی محمد ،جمیل احمد ،عبداللہ ،عزیزاللہ،عبدالغفور ،عبداللہ جان ،اکبر خان ،سیف اللہ سے ہوئی ہے ۔

Leave a reply