کوئٹہ:پاک فوج کےافسراغوا کے بعد شہید کردیئے گئے:دہشت گردوں کی تلاش جاری

0
45

کوئٹہ :کوئٹہ:پاک فوج کےافسراغوا کے بعد شہید کردیئے گئے:دہشت گردوں کی تلاش جاری ،اطلاعات کے مطابق پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سرکاری و عسکری حکام نے ضلع زیارت سے اغوا ہونے والے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کوئٹہ کے افسر لیفٹیننٹ کرنل لئیق مرزا کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

شدت پسند بلوچ تنظیم بی ایل اے نے جمعرات کی صبح ایک بیان میں لیفٹیننٹ کرنل لئیق کے اغوا کی ذمہ داری قبول کی تھی اور کہا تھا کہ اس بارے میں تفصیلی بیان بعد میں جاری کیا جائے گا۔

جمعرات کی شب فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 12 اور 13 جولائی کی رات لیفٹیننٹ کرنل لئیق مرزا (جو ڈی ایچ اے کوئٹہ میں تعینات تھے) اور ان کے کزن عمر کو 10 سے 12 دہشت گردوں کے ایک گروپ نے کوئٹہ واپسی کے راستے میں زیارت کے قریب سے اغوا کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ’یہ اطلاع موصول ہوتے ہی، آرمی کوئیک ری ایکشن فورسز کو فی الفور فرار ہوتے ہوئے دہشت گردوں کے تعاقب میں روانہ کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز اور ایس ایس جی کمانڈوز نے ہیلی کاپٹرز کی مدد سے سرچ آپریشن شروع کیا۔ نتیجتاً سکیورٹی فورسز کی ایک ٹیم نے چھ سے آٹھ دہشت گردوں کو نزدیک واقع پہاڑوں میں ایک نالے میں فرار ہوتے دیکھا۔ اپنے آپ کو سکیورٹی فورسز کے گھیرے میں دیکھ کر دہشت گردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو شہید کر دیا اور فرار ہونے کی کوشش کی۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے دو دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، آئی ای ڈیز برآمد ہوئیں۔

پریس ریلیز کے مطابق اس کارروائی کے دوران باقی ماندہ دہشت گرد اغوا ہونے والے مسٹر عمر کو ساتھ لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خراب موسم کے باوجود معصوم سویلین شہری (عمر) کی بازیابی اور اس جرم میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔

Leave a reply