وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے رابطہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے رابطہ
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل جناب انتونیو گوتیرس سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود متعدد امور پر تبادلہ خیال کیاگیا جن میں کورونا عالمی وبا کی صورتحال، وبا کے پیش نظر معاشی بحالی، عالمی قرض میں رعایت کے لئے کوششوں، ترقی پزیر ممالک کو مساوی بنیادوں پر ویکسین کی فراہمی، امن کے قیام کے لئے کاوشوں، تنازعہ جموں وکشمیر اور افغان امن عمل شامل ہیں۔ مشکلات کے اس دور کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی قیادت کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ نے دوسری مدت کے لئے اس عہدے پر ان کی دستیابی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے آئندہ پانچ سال کی مدت کے لئے جناب انتونیو گوتیرس کی دوبارہ تقرری کے لئے پاکستان کی طرف سے بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ نے کثیرالقومیت کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا جس میں اقوام متحدہ کا مرکزی کردار ہو جو اپنے متعین کردہ مینڈیٹ کے حصول کے ساتھ رکن ریاستوں کی توقعات پر پورا اترسکے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مختلف شعبہ جات میں تنظیم کے امور کار موثر طور پر انجام دینے میں پاکستان کی تعمیری کاوشوں کو قابل قدر گردانتے ہوئے پاکستان کو ”اقوام متحدہ کا بنیادی شراکت دار“ قرار دیا۔سیکریٹری جنرل نے خاص طورپر پاکستان کی قیادت میں اقوام متحدہ کی معاشی وسماجی کونسل (ای۔سی۔او۔ایس۔او۔سی) کی سماجی ومعاشی ترقی کے ایجنڈے کے فروغ کے لئے کاوشوں کو سراہا۔
سیکریٹری جنرل گوتیرس نے وزیر خارجہ کو افغانستان کی صورتحال سے متعلق اقوام متحدہ کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کی مثبت کاوشوں کاحوالہ دیتے ہوئے نشاندہی کی کہ متعلقہ فریقین کے لئے نہایت ناگزیر ہے کہ وہ مل کر کام کرتے ہوئے اجتماعیت کے حامل، وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کے حصول کے اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں اور ”خرابی“ پیدا کرنے والوں کے کردار سے ہوشیار رہیں۔ دونوں رہنماوں نے اتفاق کیا کہ افغان امن عمل کو مشاورت سے آگے بڑھانا اور ایسا انداز اپنانا چاہئے جو افغانستان اور خطے میں پائیدار امن و استحکام اور خوشحالی کا موجب بنے۔