ریڈیو پاکستان ڈائمنڈ جوبلی ایوارڈز2022،ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی اثاثہ ہیں،مریم اورنگزیب

0
35

ریڈیو پاکستان کا مایہ نازیہ فنکاروں کی خدمات کے اعتراف میں ڈائمنڈ جوبلی ایوارڈز2022 ء کی تقریب کا انعقاد کیا گیا.

فردوس جمال، ضیاء جالندھری، خالد عباس ڈار، ڈاکٹر رشیدہ حسن، طلعت حسین، روبینہ قریشی اور ڈاکٹر نسیمہ خاتون نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کیے.
مہمان خصوصی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے فنکاروں کو ایوارڈز دیئے.

ریڈیوپاکستان نے اپنے مایہ ناز فنکاروں کی خدمات کے اعزاز اوراعتراف میں اسلام آباد میں ڈائمنڈ جوبلی ایوارڈز 2022 کی رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا ۔ طویل عرصے کے وقفے کے بعد ریڈیوپاکستان نے ایوارڈز تقریب کا اہتمام کیا ۔

مہمان خصوصی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے ریڈیوپاکستان اور پی ٹی وی کو ملک کا اثاثہ قراردیا اورکہاکہ دونوں اداروں نے معاشرے میں رواداری اور امن کے فروغ میں شاندار کردارادا کیا ہے۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ ریڈیوپاکستان کے فنکاروں نے اپنی آوازوں کے ذریعے اچھی شخصیت کے اوصاف پیداکرنے اور سازگار ماحول کے قیام میں اہم کردارادا کیا انہوں نے کہاکہ ہرخاندان کے پاس ریڈیوپاکستان کی یادیں موجود ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ ڈائمنڈ جوبلی ایوارڈ2022کے انعقاد کا مقصد ان فنکاروں کی خدمات کوخراج تحسین پیش کرنا تھا انہوں نے کہاکہ ایوارڈز کی اس تقریب کو مستقل بنایاجائے گا اورکہاکہ صرف وہی معاشرے ترقی کرتے ہیں جو اپنے فنکاروں کو عزت دیتے ہیں ۔
وزیراطلاعات نے اس بات کو بھی سراہا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے دوران ریڈیوپاکستان اورپاکستان ٹیلی ویژن ثابت قدم رہے اور اپنی موجودگی کوبرقراررکھا ان کی مضبوط اورٹھوس بنیاد کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ یہ ادارے قائم رہیں گے انہوں نے کہاکہ ریڈیوپاکستان اور پی ٹی وی محض ادارے نہیں ہیں بلکہ وہ ایک گھر کی طرح ہیں۔

وزیراطلاعات نے نئے فنکاروں سے یہ بھی کہاکہ وہ سیکھنے اور تربیت حاصل کرنے کے مقصد سے ریڈیوپاکستان اورپی ٹی وی کے آرکائیوز سے فائدہ اٹھائیں انہوں نے کہاکہ ایک ایپ تیار کی جارہی ہے جس سے عوام پی ٹی وی کے پروگرام دیکھ سکیں گے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل ریڈیوپاکستان سہیل علی خان نے کہاکہ ریڈیو پاکستان نے گزشتہ 75 سال سے نظریہ پاکستان کی حقیقی ترجمانی کی ہے اور قومی یکجہتی کے فروغ میں بھرپور کردارادا کیا ہے انہوں نے کہاکہ جنگ کے زمانے میں بھی ریڈیوپاکستان دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی نشریات کُل علاقے کے95 فیصد حصے میں پہنچ رہی ہیں، قومی اور علاقائی دونوں زبانوں میں پروگرام نشر کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان خصوصاً ہنگامی صورتحال اور قدرتی آفات کے دوران اپنی نشریات کے دورانیے میں اضافہ کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ قومی نشریاتی ادارے کی ٹویٹر ، فیس بک، یوٹیوب اور انسٹا گرام سمیت سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز پر بھرپور موجودگی ہے۔ریڈیو پاکستان کی پوری ٹیم کی جانب سے سہیل علی خان نے پاکستان کی ترقی کی کوششوں میں حکومت کے ساتھ کھڑا ہونے کا یقین دلایا۔

علمائے کرام، قراء کرام، انائونسرز، خصوصاً ادبی حالات حاضرہ، کھیلوں اور زراعت کے مختلف پروگراموں کے اینکرز ، ڈرامہ فنکاروں، لکھاریوں، موسیقاروں اور نیوز ریڈرز سمیت19 کیٹیگریز میں اعزازات دیئے گئے۔32 شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا، علمائے کرام اور قراء کرام کی کیٹیگری میں قاری محمد اقبال اور عبد الرحمن فاروقی کو ایوارڈز دیئے گئے۔

خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل کے بہترین اینکر کا ایوارڈ نسرین نقوی، مردوں میں بہترین نیوز ریڈر دمن زمان، خواتین میں بہترین نیوز ریڈر تسکین ظفر، مردوں میں انائونسر خالد ملک اور خواتین میں بہترین انائونسر کا ایوارڈ شازیہ عندلیب کو دیا گیا۔ خواتین پروگرام کی کیٹیگری میں نوشابہ ظفر، بچوں کے پروگرام میں تنویر سلیم اور زرعی پروگرام میں ناظم حسین نے ایوارڈز وصول کیے۔ نوجوان مردوں میں ساحل خا ن اور نوجوان خواتین میں شیبہ ملک کی آوازوں کو بہترین قرار دیا گیا۔حفیظ فاطمہ کو بہترین ڈرامہ آرٹسٹ، ناصر بلوچ کو بہترین ڈرامہ نویس، مجاہد حسین بہترین موسیقار اور لوک موسیقی کی کیٹیگری میں محمد ملوک نے ایوارڈ وصول کیا۔

خیال محمد نے مہدی حسن ایوارڈ اور تاج مستانی نے نور جہاں ایوارڈ وصول کیا۔ سپر سٹار ایوارڈز اعجاز قیصر، فاروق سرور، توثیق حیدر، شیر باز خان برچھا، مسز نجم آرا، مہدی ظہیر، گلوکارہ سائرہ نسیم، گلوکارہ محمد علی اورگلوکار غلام عباس نے وصول کیے۔

لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز وصول کرنے والوں میں فردوس جمال، ضیاء جالندھری، خالد عباس ڈار، ڈاکٹر رشیدہ حسن، طلعت حسین، روبینہ قریشی اور ڈاکٹر نسیمہ خاتون شامل ہیں۔

Leave a reply