سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض): پنجاب وائلڈ لائف ریڈ اسکواڈ اور وائلڈ لائف سٹاف سیالکوٹ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سیالکوٹ میں سوشل میڈیا کے ذریعے آن لائن جنگلی حیات کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث بریڈنگ فارم پر چھاپہ مارا۔
وائلڈ لائف ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف عاصم کامران کی سربراہی میں سیالکوٹ کے علاقہ کوٹلی فرید ایمن آباد روڈ پر واقع H&R نامی بریڈنگ فارم پر چھاپہ مارا، جو جنگلی پرندوں اور جانوروں کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث تھا۔
کارروائی کے دوران وائلڈ لائف ٹیم نے درجنوں جنگلی پرندے برآمد کیے، جن میں 16 کونجیں (Demoiselle Cranes)، 2 جوڑے مگھ (Bar Headed Geese)، مرغابیاں (نیل سر Mallard، Pochards) اور مختلف اقسام کے مور شامل ہیں۔ ٹیم نے فارم کے مالک سمیت 3 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
ملزمان کے خلاف پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ ترمیمی 2025 کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، ملزم کونجیں، مگھ اور مرغابیاں ضلع بنوں KPK سے منگوا کر فروخت کرتے تھے۔
یہ کارروائی وائلڈ لائف ٹیم کی جانب سے جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے۔ ٹیم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگلی حیات کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث افراد کی اطلاع دیں۔