پاکستان ریلوے کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا: شیخ رشید

0
25

لاہور : پاکستان ریلوے کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہااس حوالے سے تمام تجاویز مسترد کی جاتی ہیں۔ کسی ریلوے ملازم کو نوکری سے نہیں نکالا جائے گا۔ ریلوے سسٹم پر عارضی معطل کی گئی تمام رعائتیں بحال کی جاتی ہیں ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز آفس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے لئے یہ سال ترقی اور انقلاب کا سال ہے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہر جگہ ایم ایل ون پراجیکٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اسی لئے آج ایم ایل ون حقیقت بن چکا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ کل والے حادثے کی بنیادی وجہ یہی تھی کہ ریلوے پھاٹک بند تھا۔ گاڑی کے ڈرائیور نے دوسری جگہ سے ٹریک کو کراس کرنے کی کوشش کی جس سے حادثہ رونما ہوا اور قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ۔ ریلوے کے تین ہزار ان مینڈ لیول کراسنگ ہیں۔ ایم ایل ون سے تمام ان مینڈ لیول کراسنگ ، اوربرجزاور انڈر پاسسز میں تبدیل ہو جائیں گے اس کے ساتھ ساتھ ریلوے ٹریک کے گرد فینسنگ بھی کی جائے گی۔

1872کلومیٹر کا یہ ڈبل ٹریک ہو گا اس ٹریک کا نقشہ، ڈیزائننگ، فزیبلیٹی رپورٹ اور پی سی ون سب مکمل ہو گیا ہے۔ اسی مہینے کی 15تاریخ کو اس پر دستخط ہوجائیں گے۔ اس کا تمام کریڈٹ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ٹرینوں کی تعداد میں کوئی تبدیلی نہیں کر رہے ایم ایل ٹو کے لوگوں کو سہولت دینے کے لئے ایم ایل ون کی ایک ٹرین کو ایم ایل ٹو پر چلانے جا رہے ہیں۔ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ ریلوے 10سال میں پیچھے گئی ہے ایسا نہیں ہے ۔ حقیقت میں 10سال میں پہلی دفعہ پاکستان ریلوے انقلاب میں جا رہی ہے ۔

ایم ایل ون کا کام 2006میں اللہ تعالیٰ نے ہم سے لیا تھا ہم نے ہی اس پر دستخط کیے تھے ۔ایم ایل ون سے ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔ ہم نے پہلے بھی مزدورں کے بچوں کو روزگار دیا ہے اب بھی 65فیصد ریلوے مزدورں کے بچوں کو روزگار دیں گے۔ریلوے میں خرید وفروخت کے تمام کیسزنیب کو بھجوا رہے ہیں جن لوگوں نے کمیشن کے چکر میں ریلوے کو تباہ کیا اُنہیں قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ صحافیوں اور پوری قوم نے میری صحت کے لیے دُعا کی میں تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں۔

Leave a reply