بالی وڈ کی مست مست گرل کا ٹائٹل پانے والی اداکارہ روینہ ٹنڈن اب نوے کی دہائی کے وہ انکشافات کرنے لگی ہیں جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں کئے، انہوں نے نوے کی دہائی میں بالی وڈ میں کیا رجحان تھا اس حوالے سے اپنے حالیہ انٹرویو میں کھل کر بات کی . انہوں نے کہا کہ نوے کی دہائی میں سیاست کی انتہا یہ تھی کہ میرے خلاف پراپگینڈا کیا جاتا تھا اور مجھے فلموں سے نکلوایا جاتا تھا، میرا کیرئیر بہت اچھا چل رہا تھا لیکن میں بہت زیادہ سیاست کا شکار رہی . مجھے بہت اچھی اچھی فلمیں آفر ہوئیں لیکن ان سے مجھے بعد ازاں نکال بھی دیا گیا، اور اہم بات یہ ہے کہ ان فلموں میں کرشمہ کپور اور تبو کو کاسٹ کیا جاتا رہا.
انہوں نے مزید کہا کہ ”میں کسی گروپ کا حصہ نہیں تھی شاید اس لئے بھی مجھے بہت زیادہ تنگ کیا جاتا تھا ”، میں اپنے کام پر فوکس کئے ہوتی تھی . انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ ایک اچھے اور صحت مند مقابلے کو ترجیح دیتی تھی لیکن میری ٹانگیں کھینچنے والے چاہتے ہی نہیں تھے کہ میں انڈسٹری میںکام کروں لیکن میں نے سب کا جم کر مقابلہ کیااس سارے سفر میں میرے ساتھ میرے مداحوں کا پیار رہا جس نے مجھے ڈٹ کر کام اور مقابلہ کرنے کا حوصلہ دیا.