راول ڈیم میں مچھلیوں کی اموات: سی ڈی اے نے نوٹس لے لیا
راول ڈیم میں مچھلیوں کی بڑھتی ہوئی اموات کے معاملے پر سی ڈی اے نے سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے اس سلسلے میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔ممبر انوائرمنٹ طلعت گوندل کی سربراہی میں قائم کی گئی اس ٹیم نے انوائرنمنٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے ہمراہ راول ڈیم کا دورہ کیا۔ ٹیم نے مچھلیوں کی اموات کے اصل حقائق جاننے کے لیے نمونے اکٹھے کیے ہیں، جو مزید تجزیے کے لیے متعلقہ محکموں کو بھیجے گئے ہیں۔
ابتدائی مشاہدے کے مطابق، مچھلیوں کی اموات جولائی کے آخری ہفتے میں ہوئیں۔ تاہم، حکام نے مردہ مچھلیوں کو ڈیم سے نکال لیا ہے اور صورتحال میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔سی ڈی اے نے اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔ اس کا مقصد پانی کو آلودگی سے بچانا اور مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنا ہے۔ڈیم پر تعینات واچ اینڈ وارڈ سٹاف مچھلیوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور باقاعدگی سے رپورٹس جمع کر رہا ہے۔حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ محکموں سے دو دن کے اندر تفصیلی رپورٹ موصول ہو جائے گی، جس کے بعد آگے کی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ یہ واقعہ ماحولیاتی تحفظ اور پانی کے وسائل کے انتظام کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، جس پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔