راولپنڈی خواتین سے زیورات چھیننے والا گروہ گرفتار

راولپنڈی: نوبیاہتا جوڑوں سے نقدی اور طلائی زیورات چھیننے والا بین الصوبائی عرفانی ڈکیت گینگ کا سرغنہ 3ساتھیوں سمیت گرفتار،ملزمان سے وہ ”کٹر“ بھی بر آمد جس سے وہ لڑکیوں کے ہاتھوں میں پہنے طلائی کڑے کاٹ لیتے تھے،ملزمان کو پڑھے لکھے ہونے کا انکشاف،ملزمان سے درجنوں وارداتیں اور کروڑوں روپے کے مسروقہ زیورات بر آمد ہونے کا امکان،تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں خواتین سے طلائی زیورات چھیننے،”کٹر“ سے طلائی کڑے کاٹنے اور نقدی چھیننے کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا تھا،سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے ایس پی صدر رائے مظہر اقبال کو اس گینگ کی گرفتاری کا خصوصی ٹاسک دیا،جنہوں نے اس کام کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی،جس نے جدید سائنسی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے شہر کے مختلف بازاروں میں خصوصی طور پران دوکانوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کو فنگشنل کروایا جہاں پر خواتین بڑی تعداد میں خریداری کے لئے آتی تھیں،سی پی او فیصل رانا ان اقدامات کی براہ راست نگرانی کر رہے تھے،پولیس نے منظم منصوبہ بندی سے بدنام زمانہ عرفانی گینگ کے سرغنہ عرفان عرف عرفانی اس کے ساتھیوں فرحان،فیضان اور فرحان نصیر کو گرفتار کر لیا،ملزمان سے موٹر سائیکل،اسلحہ کے علاوہ وہ ”کٹر“ بھی بر آمد کر لیا جو خواتین کے ہاتھوں میں پہنے ہوئے طلائی کڑے کاٹنے کے لئے استعمال ہوتا تھا،بتایا جاتا ہے کہ ملزمان نو بیاہتا جوڑوں کو اسلحہ کے زور پر روکتے،نقدی اور طلائی زیورات چھینتے ملزمان لڑکیوں کے ہاتھوں میں پہنے طلائی کڑے دیکھتے جو جلدی میں نہ اترے جانے کے باعث ”کٹر“ سے کاٹ لیتے،ملزمان کے حوالے سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ وہ پڑھے لکھے ہیں،وہ دیکھنے میں بظاہر معزز دکھائی دیتے ہیں،پولیس نے جب ملزمان کو گرفتار کیا تو ملزمان نے انگلش زبان میں بڑی روانی سے گفتگو کی،ان ملزمان کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں آئی،سی پی او فیصل رانا نے اس طرح کی وارداتوں کے بعد حکم دے رکھا تھا کہ جائے وقوعہ پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کیا جائے،اس نوعیت کی واردات کے بعد سی پی او خود متحرک ہوتے اور ڈویژنل ایس پیز سے ہر گھنٹے کے بعد وراداتوں کے ٹریس ہونے سے متعلق پوچھتے،ایس پی صدر رائے مظہر اقبال کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تفتیش سے راولپنڈی میں ہونے والی درجنوں وارداتیں ٹریس ہوں گی جن میں ملزمان نے خواتین سے طلائی زیوارات چھینے،کڑے کاٹے،سی پی او فیصل رانا نے پولیس افسران کو ہدائت کی کہ وہ ان سہولت کاروں کو بھی گرفتار کریں جن کے پاس ملزمان مسروقہ طلائی زیور ات فروخت کرتے تھے،سی پی او نے کہا کہ مسروقہ مال بر آمد کر کے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اسے اصل مالکان تک پہنچایا جائے،سی پی او نے بدنام زمانہ گینگ گرفتار کرنے والے ایس پی صدر رائے مظہر اقبال و دیگر افسران کو دفتر بلا کر شاباش دی،انہوں نے کہا کہ اس گینگ سے تفتیش کے تمام مراحل سے مجھے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ رکھا جائے۔