راولپنڈی(باغی ٹی وی رپورٹ)راولپنڈی میں جشن آزادی کی سادگی اور قومی یکجہتی کا اعلان،ہوشرباءمہنگائی،14 اگست کو آتش بازی نہیں ہوگی،تاجر اور شہری غریبوں کے بجلی کے بل جمع کرائیں گے
تفصیل کے مطابق مرکزی تنظیم تاجران پاکستان اور انجمن شہریان راولپنڈی کے نمائندوں کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں 14 اگست کو اتش بازی سے گریز کیا جائے گا۔ بجائے اس کے، اتش بازی پر خرچ ہونے والی رقم سفید پوش افراد کی مالی مدد اور بجلی کے بلوں کی ادائیگی پر خرچ کی جائے گی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ جشن آزادی کو سادگی سے مناتے ہوئے، مختلف مقامات پر کیک کاٹنے اور قومی پرچم کی رسم ادا کی جائے گی۔ اس سلسلے میں 13 اگست کو اتفاق بیکری خیابان سر سید اور فریسکو سویٹ پیر ودہائی میں کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوگی۔
اس کے علاوہ مرکزی مسلم لیگ کے اشتراک سے ایک کلومیٹر لمبے قومی پرچم کی رسم ادا کی جائے گی اور مرکزی تقریب فوارہ چوک راولپنڈی میں منعقد ہوگی۔ 14 اگست کو چار نمبر چونگی میں بھی کیک کاٹا جائے گا اور ملک پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی جائے گی۔
دوسری طرف مرکزی تنظیم تاجران پاکستان اور انجمن شہریان کا یہ فیصلہ قومی یکجہتی اور سادگی سے جشن آزادی منانے کی جانب ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔