چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرقی وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ حکومت حجاج کرام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کا ر لا رہی ہے،مہنگائی صرف ہمارا ہی نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں بھی حج کے اخراجات بڑھے ہیں تاہم رواں سال وزارت حج نے حج اخراجات پر سبسڈی دی ہے۔
جامعہ مسجد بحریہ ٹاون میں پاکستان علما کونسل اور انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کے زیر اہتمام جمعہ کے روز حج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ پوری دنیا سے مسلمان حج کا فریضہ ادا کرنے کے لیے حجاز مقدس میں کل سے پہنچنا شروع ہو جائیں گے،سعودی حکومت نے حجاج کرام کے لیے جو ہدایات جاری کیں ہیں تما م حجاج کرام اس پر عمل پیرا ہوں اورسیاسی گفتگو ،اجتماعات و دیگر سرگرمیوں کے بجائے صرف عبادات پر توجہ مرکوز رکھیں.
حجاج اکرام اپنے علاوہ کسی دوسرے کا سامان لے کر نہ جائیں تا کہ پریشانی سے بچا جا سکے،عازمین حج ہمارے ملک کے سفیر ہیں ان کا ہر قول وفعل ملک کے امیج کی ترجمانی کرے گا۔انہوں نے کہاکہ ہم سعودی حکومت اور شہزادہ سلمان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے کورونا میں بھی حج بند نہیں کیا تھا .
رواں سال10 لاکھ افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ حج اس پر واجب ہے جو اس کی استطاعت رکھتا ہے،تاہم جو افراد نفلی حج کیلئے جانا چاہتے ہیں میری ان سے گزارش ہے کہ وہ پاکستان کے ایسے علاقے جیسے بلوچستان ، تھر ، چولستان وغیرہ ہیں جہاں لوگ قدرتی آفات کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہیں وہاں جائیں اور انسانی ہمدرد ی کی بنیاد پر ان کی خدمت کریں ،اس سے ان کو دوگنا ثواب ملے گا ۔