سینئر اور انڈر 19 سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنزکی ٹیموں کے ٹرائلز کے لیے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن شروع ہوگئی

0
18

لاہور:سینئر اور انڈر 19 سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنزکی ٹیموں کے ٹرائلز کے لیے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن شروع ہوگئی،اطلاعات کے مطابق 90 سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سینئر اور انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے ٹرائلز کے لیے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا آغاز 12 مارچ بروز جمعہ سے ہوگا۔ کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا یہ عمل 16 مارچ تک جاری رہے گا۔

کھلاڑیوں کے ٹرائلز کا سلسلہ 18 مارچ سے شروع ہوگا۔ ٹرائلز کا مکمل شیڈول جلد جاری کردیا جائے گا۔

چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون، سیکنڈ الیون اور انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کا کوچنگ اسٹاف ان ٹرائلز کی نگرانی کرے گا، تاہم ٹرائلز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے خواہشمند ان کھلاڑیوں کے لیے متعلقہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن سے تعلق رکھنا ضروری ہوگا۔

ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں حصہ لینے والے کرکٹرز اپنی متعلقہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کی سینئر کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے جبکہ باقی کھلاڑیوں کا انتخاب اوپن ٹرائلز سے ہوگا۔

یکم ستمبر 2002 کے بعد اور یکم ستمبر 2006 سے قبل پیدا ہونے والے نوجوان کھلاڑی ہی اپنی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کی انڈر 19 ٹیم کی تشکیل کے لیے منعقدہ ٹرائلز میں شرکت کے اہل ہوں گے۔ حال ہی میں پی سی بی کے نیشنل انڈر 19 ون ڈے اور تھری ڈے ٹورنامنٹس میں شریک کھلاڑی بھی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کی انڈر 19 ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سینئر ٹیموں کو دو مختلف ٹورنامنٹس، ٹو ڈے اور ٹی ٹونٹی فارمیٹ، جبکہ انڈر 19 ٹیموں کو پچاس اوورز پر مشتمل فارمیٹ کے ایک ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا ہوگی۔ان ٹورنامنٹس میں عمدہ کارکردگی کی بدولت انہیں اپنی کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیموں میں جگہ بنانے کا موقع میسر آئے گا۔

ٹرائلز میں شریک کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کوویڈ 19 کے پروٹوکولز پر مکمل عمل کیا جائے گا۔ جس میں داخلی راستوں پر بخار چیک کرنا، گراؤنڈ کے باہر موجود کھلاڑیوں کا اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپنا اور سماجی فاصلے سے متعلق ہدایات پر عمل کرنا وغیرہ شامل ہیں۔بیٹ کے علاوہ کھیل کے سامان کے تبادلے یا گیند پر تھوک لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

Leave a reply