جامشورو کے قریب رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا شکار، ڈاؤن ٹریک بلاک

0
25

کراچی : پشاور سے کراچی آنے والی رحمان بابا ایکسپریس جامشورو کے قریب پٹڑی سے اترگئی۔

ریلوے ذرائع کے مطابق بھولاری اسٹیشن کےقریب رحمان بابا ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

حادثے کے بعد فوری طور پر امدادی ٹیموں کو طلب کرلیا گیا جب کہ فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے اور حادثے کی وجہ بھی فوری طور پر سامنے نہیں آسکی ہے۔

ذرائع کا کہناہےکہ ڈاؤن ٹریک پر رحمان بابا ایکسپریس کی دس کے قریب بوگیاں پٹری سے اتری ہیں جب کہ حادثے کے بعد ٹریک پر ٹرینوں کی آمدو رفت روک دی گئی ہے۔

دوسری جانب ترجمان ایدھی کا بتانا ہےکہ رحمان بابا ٹرین حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور قریب ترین کوٹری تعلقہ اسپتال میں بھی حادثے کا کوئی زخمی نہیں لایا گیا تاہم حادثے کے مقام پر ایمبولینسز اور رضا کاروں کی بڑی تعداد بھیج دی گئی ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ رحمان بابا ایکسپریس کی پہلے مال گاڑی سے ٹکر ہوئی، جس پر ڈرائیور نے ایمرجنسی بریک لگایا، ایمرجنسی بریک لگانے کے باعث تین بوگیاں ٹڑی سے اتریں، جس کے نتیجے میں ڈاؤن ٹریک مکمل طور پر بلاک ہوگیا ہے اور اندرون ملک سے کراچی آنے والی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

ڈی سی او ریلوے اسحاق بلوچ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کراچی سے ریلیف ٹرین روانہ کردی ہے، جائے حادثے پر امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے ڈی سی او ریلوے خود ریلیف ٹرین کے ہمراہ روانہ ہوئے۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال بھی رحمان بابا کو دوبار حادثات کا شکار ہوئی تھی، چھیبس جون دو ہزار اکیس کو ٹنڈو آدم کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس ریلوے پھاٹک پر پھنسے گیس ٹینکر سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے میں انجن ڈرائیور اور فائرمین معمولی زخمی ہوئے تھے۔

دس جولائی دو ہزار اکیس کو بھی رحمان بابا ایکسپریس خانپور کے قریب گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں میں تین افراد زخمی ہوئے تھے۔

Leave a reply