اوچ شریف (باغی ٹی وی: نامہ نگار حبیب خان)دینی مدرسے کی ریلی، پاک فوج سے یکجہتی، شہداء کو خراجِ عقیدت

اولیائے کرام کی سرزمین اوچ شریف میں قائم معروف دینی درسگاہ مدرسہ عربیہ امیر المدارس کی جانب سے افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت مدرسہ کے مہتمم قاری محمد صادق اور صدر مدرس مولانا قاری محمد رمضان عثمانی نے کی۔

اس روح پرور ریلی میں شہر بھر کے علما کرام، اساتذہ، طلبہ اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے ہوئے تھے اور "پاک فوج زندہ باد”، "شہداء کو سلام” اور "پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الٰہ الا اللہ” کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے افواجِ پاکستان کی جرات، قربانی اور جذبۂ شہادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج صرف ایک عسکری ادارہ نہیں بلکہ قوم کے اتحاد، حوصلے اور بقاء کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر پاکستان کے کل کو محفوظ بنایا اور ان کی عظیم قربانیوں کو تاریخ میں ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔

مقررین نے مزید کہا کہ شہداء کا جذبۂ قربانی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ہمیں بھی اپنے اندر وہی استقلال، ایثار اور وطن سے محبت پیدا کرنی چاہیے۔

ریلی کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، افواجِ پاکستان کی کامیابی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے ایک پُراثر اجتماعی دعا کی گئی، جس میں تمام شرکاء نے بھرپور شرکت کی۔

بعد ازاں جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ دشمن کے ناپاک عزائم اور بزدلانہ کارروائیوں کا جس حکمت، صبر اور جرأت سے پاک فوج نے مقابلہ کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ قوم آج پہلے سے زیادہ متحد ہے اور اپنی افواج کے ساتھ چٹان کی مانند کھڑی ہے۔

شرکاء نے افواجِ پاکستان کو کامیاب آپریشنز پر دلی مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سالمیت، آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی۔ دشمن کے ناپاک ارادوں کو ہمیشہ کے لیے خاک میں ملا دیا جائے گا۔

Shares: