لاہور انارکلی دھماکہ،کتنے کلو بارودی مواد استعمال ہوا؟ ابتدائی رپورٹ پیش

لاہور انارکلی دھماکہ،کتنے کلو بارودی مواد استعمال ہوا؟ ابتدائی رپورٹ پیش
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آئی جی پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کردی جس کے مطابق لاہور دھماکا پلانٹڈ ڈیوائس سے کیا گیا۔
ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھماکے میں ڈیڑھ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا، دھماکے میں ایک عمارت اور 8 موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا۔ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھماکے میں 29 افراد زخمی اور 2 جاں بحق ہوئے، جاں بحق افراد میں رمضان اورابصار شامل ہیں۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا ایک بج کر 40منٹ پر ہوا، 1بجکر 44منٹ پر نامعلوم شخص کی کال آئی، کال میں بتایا گیا نیو انار کلی میں دھماکا ہوا ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اطلاع ملتے ہی لاہور پولیس سمیت انتظامیہ فوری پہنچی، پولیس، فارنزک ایجنسیاں اور دیگر تحققیاتی ادارے جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔بارودی مواد کی تنصیب سے متعلق سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی جارہی ہے، بعض مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا جن سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
بلوچ نیشنل آرمی نے پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے انارکلی میں ہونے والے دھماکے کی ذمے داری قبول کرلی۔ تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ اس کی پہلی کارروائی ہے بم بینک الحبیب کے سامنے نصب کیا گیا تھا حملے کا ہدف بینک کے ملازمین تھے
Newly formed Baloch militant org, the Baloch Nationalist Army (BNA), reportedly takes responsibility for an attack in the eastern city of #Lahore on Thursday, a rare attack by Baloch nationalist in Punjab that killed 3 & injured 20. CM Punjab condemned the attack. #LahoreBlast
— Kiyya Baloch (@KiyyaBaloch) January 20, 2022
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں دھماکہ ہوا ہے ،دھماکہ لاہور کے معروف بازار انار کلی میں ہوا، دھماکے کے نیتجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 26 افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے، جائے وقوعہ کو سیل کر دیا گیا ہے
ایم ایس میو ہسپتال کا کہنا ہے کہ 18 زخمیوں کومیو اسپتال لا یا گیا میو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے زخمیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے ،ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگایا جارہا ہے ، ابتدائی معلومات کے مطابق پلانٹڈ ڈیوائس لگائی گئی دھماکے میں کون ملوث ہے جلد پتہ لگا لیا جائے گا، اسپتا ل انتظامیہ نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کی فہرست تیار کرلی ، کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ الرٹ جاری ہوئی تھی لیکن کسی خاص جگہ کا ذکر نہیں تھا،
کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کو بہترین طبی امداد دی جارہی ہے۔انارکلی دھماکے میں زخمی افراد و انکی تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں زخمی افراد کی فہرست و تفصیلات میڈیا کو بھی دے دی گئی ہیں۔ ہسپتال میں بھی زخمی افراد کی تفصیلات دینے کیلئے انتظامیہ کاونٹر لگا رہی ہے۔ 26زخمی افراد زیر علاج ہیں۔کچھ کی حالت نازک ہے دو افراد دھماکے میں جاں بحق ہوئے ہیں۔ک
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں بم دھماکے کی مذمت کی ہے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت زخمیوں کے فوری بہتر علاج و معالجے کے لئے اقدامات کرے، بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں طالبان دہشت گردوں کی جانب سے پولیس افسران کی شہادت کے بعد اب انارکلی میں دھماکا تشویش ناک ہے، ڈیرہ اسماعیل خان میں اس سے قبل فرقہ وارانہ واقعے میں تین افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ہلاکت ہوئی،
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے لاہور دھماکے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ لاہور دھماکے سے قیمتی جانی نقصان پر افسوس ہے،اسلام آباد کے بعد لاہور میں دہشت گردی ملک کے لیے نیک فال نہیں،
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ انار کلی بازار جسے پر ہجوم اور مصروف ترین علاقہ میں دھماکہ ایک نہایت افسوسناک اور تشویشناک واقعہ ہے۔ ایک بچے سمیت ۳ افراد جاں بحق اور درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ اللّہ ان سب پر، انکے خاندانوں پر اور پاکستان پر رحم فرمائے
مسلم لیگ ن کی رہنما رکن پارلیمنٹ حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ انارکلی لاہور میں دھماکے کی شدید مذمت کرتی ہوں، میری ہمدردیاں ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیارے اس دھماکے میں کھو دیے۔۔۔نااہل حکومت میں اب دوبارہ دھماکے بھی شروع ہو گئے
خرم نواز گنڈاپور سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک کا کہنا ہے کہ انارکلی لاہور میں دھماکہ کی مذمت کرتے ہیں، ذمہ داروں اور سہولت کاروں کو فوری گرفتار کیا جائے، دھماکہ ”الارم“ ہے سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے، دھماکہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں
وزیر اعظم عمران خان نے لاہور دھماکے کا نوٹس لے لیا۔وزیر اعظم عمران خان نے قیمتی جانوں کے ضیا پر اظہار افسوس کیا ، وزیراعظم عمران خان نے انارکلی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے دھماکے کی ابتدائی رپورٹ فوری طلب کر لی ہے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کیا جائے،
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ لاہور کے مصروف بازار میں دھماکے کا سن کر بے حد افسوس ہوا۔انارکلی دھماکے سے صوبائی حکومت اور انتظامیہ کی نا اہلی کھل کر سامنے اگئی ہ۔صوبائی حکومت شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئی ہے۔جمعیت علماء اسلام کے رضاء کار زخمیوں کو خون کے عطیات فراہم کرے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انارکلی بازار لاہور دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لاہورانارکلی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں دھماکے سے انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہوا۔ زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہوں۔پنجاب حکومت سے انارکلی دھماکے کی رپورٹ طلب کی ہے
پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کی قیادت نے لاہور انار کلی بازار میں بم دھماکے کی مذمت کی ہے، پی پی پی رہنماؤں نے لاہور دھماکے میں شہید ہونے والوں کے ورثا سے ہمدردی اور تعزیت اظہار کیا ، صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی نرسریوں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ منصوبہ سازوں کو بھی کچل دیا جائے، صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ کا کہنا تھا کہ معصوم انسانوں کے قاتل وحشی درندے ہیں ان کے جرائم ناقابل معافی ہیں، صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی کا کہنا تھا کہ اس سوچ کو شکست دینی ہوگی جو سوچ شدت پسندی کو جنم دے رہی ہے،پی پی پی بلوچستان کی قیادت نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعا کی۔
رہنما پیپلز پارٹی زوبیہ خورشید راجہ کا کہنا تھا کہ انارکلی لاہور میں دھماکہ کی مزمت کرتے ہیں افراتفری، بے روزگاری، مہنگائی کے طوفان کے بعد اور اب ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر جنم لے رہی ہے، آج لاہور میں دھماکہ، انتہائی تشویشناک صورتحال حکمرانوں کی ناکامی ہے۔ لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
انارکلی لاہور میں دھماکہ کی مزمت کرتے ہیں
افراتفری، بے روزگاری، مہنگائی کے طوفان کے بعد اور اب ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر جنم لے رہی ہے، آج لاہور میں دھماکہ، انتہائی تشویشناک صورتحال حکمرانوں کی ناکامی ہے۔
لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ pic.twitter.com/xHLDGT5jAM— Zobia Khurshid Raja (@ZobiaKhurshid) January 20, 2022
پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے لاہور میں بم دھماکے کی مذمت کی، اور کہا کہ حکومت انار کلی دھماکے کے زخمیوں کے فوری علاج معالجے کا بندوبست کرے٬افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونیوالوں کے خاندانوں کو فوری معاوضہ ادا کیا جائے٬امن و امان کی صورتحال پر تشویش ہے، حکومت قانون کی عملداری یقینی بنائے٬ عوامی مقامات کی سیکیورٹی کو سخت بنانا ہو گا٬انتہا پسندی اور دہشت گردی کی لہر پر قابو پانے کیلئے نیشنل ایکشن پروگرام پر عمل درآمد کیا جائے٬دھماکے میں جاں بحق ہونیوالوں اور زخیموں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں٬
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ لاہور انارکلی بازار میں دھماکے کی مذمت کرتے ہیں۔ پے درپے واقعات ہمارے خدشات درست ثابت کررہے ہیں، دہشتگرد منظم ہورہے ہیں، پشاور میں پولیس اہلکار کو نشانہ بنایا گیا، کوئٹہ سے پشاور تک دہشتگردی کے واقعات ہورہے ہیں۔ دہشتگرد دارالحکومت اسلام آباد میں بھی پولیس کو نشانہ بناچکے ہیں ،حکومت ہوش کے ناخن لیں۔ اس آگ کو نہ روکا گیا تو گھر کسی کا نہیں بچے گا، اس بار آگ لگ گئی تو بدترین تباہی ہوگی۔ معصوم بچوں سمیت عوام کو نشانہ بنانا غیرانسانی فعل ہے، روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ ہم نے دہشتگردوں کا راستہ روکا اور جانوں کے نذرانے پیش کئے موجودہ حکمران ڈر کی وجہ سے چپ ہیں ڈرنے کی بجائے عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ دہشتگردوں کو ببانگ دہل دہشتگرد کہنا ہوگا بصورت دیگر عوام کی جان و مال محفوظ نہیں رہیں گے .