رہائشی سکیموں میں واٹر ٹینک کو لازمی قرار دیا جائے ڈاکٹر محسن حفیظ

0
26

تمام نئے سیکٹرز اور نئی پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیم کے لیے بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے واٹر ٹینک کو لازمی بنایا جائے ، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) یا فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کو لازمی طور پر تعمیراتی منصوبوں میں شامل کرنا چاہیے ۔ یہ پانی باغبانی ، بیت الخلاء اور کار واش وغیرہ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے

انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ (آئی ڈبلیو ایم آئی) کے کنٹری نمائندے ڈاکٹر محسن حفیظ نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) میں زیر زمین پانی کی سطح کو بہتر بنانے کے لیے فطرت پر مبنی حل کے موضوع پر مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہ اسلام آباد میں بہت زیادہ بارش ہوتی ہے تاہم مناسب ذخیرہ نا ہونے کی وجہ سے یہ پانی یا تو شہری علاقوں میں سیلاب کی وجہ بن جاتا ہے یا پھر یہ پانی نالہ لئی میں ضائع ہوجاتا ہے۔ ہم نے موجودہ مون سون سیزن میں اس کا مشاہدہ کیا ہے جب اسلام آباد کے پوش علاقے سیلاب میں ڈوب گئے ، جس کے باعث بنیادی ڈھانچے اور عوامی املاک کو بہت زیادہ نقصان پہنچا۔ اگر ہم فطرت پر مبنی حل کا انتخاب کریں تو اس سے بچا جا سکتا ہے

ڈاکٹر محسن حفیظ نے مزید کہا کہ ہم پانی کے مسائل پر قابو پانے کے لیے ثبوتوں پر مبنی سائنسی حل(evidence-based solutions)فراہم کرنے کے لیے پاکستان اور ساتھ ساتھ اسلام آباد میں متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ اسلام آباد میں پانی کے چیلنجز اور مسائل کیا ہیں اور ایک سال کے اندر اندر ہم پائیدار حل کیسے فراہم کر سکتے ہیں۔ ہمیں یہ بھی دیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے کہ پانی کے کتنے وسائل دستیاب ہیں جن میں سطحی پانی کے ساتھ ساتھ زمینی پانی بھی شامل ہے۔ اور پھر ہمیں سوچنے کی ضرورت ہے کہ کھپت کتنی ہے۔ اسلام آباد میں ، دیگر تمام شعبوں کی طرح ، شواہد پر مبنی معلومات ناپید ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے تحت پانی ایک بنیادی حق ہے ، اور ریاست کو ہر شہری کو صاف ، محفوظ پینے کا پانی مہیا کرنا چاہیے۔ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ موجودہ قیادت 100 ریچارج ویلز جیسے اچھے اقدامات کر رہی ہے ، جن کی قیادت سی ڈی اے کر رہی ہے

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ، پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز (پی سی آر ڈبلیو آر) کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ "انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ (آئی ڈبلیو ایم آئی) پاکستان اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ساتھ مل کر ہم آبی وسائل کا جائزہ لے رہے ہیں۔ہماری تحقیق کا دائرہ کار پورے اسلام آباد میں پانی کے زیر زمین ذخائر کو جانچنا ہے اور اس سلسلے میں ہم قانونی فریم ورک کا مسودہ تیار کریں گے۔ واٹر ایڈ نے ہمیں قانونی مدد کی پیشکش کی ہے جبکہ PCRWR تکنیکی مدد فراہم کرے گا۔ ہم دارالحکومت میں ہر ایک کو وافر پانی فراہم کرنے کے لیے فطرت پر مبنی حل کی طرف کام کر رہے ہیں۔ PCRWR اور IWMI کی شراکت داری کی ایک طویل تاریخ ہے۔ دونوں ادارے مشترکہ طور پر اسلام آباد کے لیے زیر زمین پانی کی ریچارج کی صلاحیت کو بہتر کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں ، یہ سائنسی تحقیق پر مبنی ہوگا

Leave a reply