دریائے سندھ میں اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری

0
37

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے وارننگ جاری کی ہے کہ آج تونسہ اور چشمہ کے مقام پر دریائے سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب گزرنے کا خدشہ ہے-

باغی ٹی وی: تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں دریاؤں اور ڈیموں میں پانی کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے، دریائے کابل میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب گزر رہا ہے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے شہریوں کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے کی ہدایات جاری کردی۔

جبکہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے تونسہ بیراج اور سکھر بیراج کے مقام پر دریائے سندھ میں اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کردی ہے۔

ارسا کے مطابق تونسہ بیراج پر پانی کی آمد 5 لاکھ 15 ہزار کیوسک ہے جب کہ سکھر بیراج سے 5 لاکھ 62 ہزار کیوسک کا ریلا گزار رہا ہے چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 61 ہزار کیوسک ہے جب کہ نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 5 ہزار کیوسک ہے۔

دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 11 ہزار، جہلم میں منگلا ڈیم کے مقام پر پانی کی آمد 53 ہزار اور کالا باغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 25 ہزار کیوسک ہے دریائے چناب مین مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 66 ہزار کیوسک، گدو بیراج پر پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 85 ہزار کیوسک جب کہ کوٹری بیراج میں پانی کی آمد 3 لاکھ 34 ہزار کیوسک ہے۔

ارسا کا مزید کہنا ہے کہ یکم اپریل سے اب تک ایک کروڑ 38 لاکھ ایکڑ فٹ پانی سمندر برد ہوچکا ہے کیوںکہ ڈیموں میں پانی کا مجموعی ذخیرہ 92 لاکھ ایکڑ فٹ ہے۔

ملک بھر میں بارش اور سیلاب سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1 ہزارسے زائد ہو گئی

ادھر بلوچستان سے آنے والے سیلابی ریلے کا سندھ کے شہر میہڑ کے حفاظتی بند پر دباؤ بڑھ گیا، میہڑ شہر کو Ring بند سے بچانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹنڈو آدم میں مسلح افراد نے مبینہ طور پر اپنی فصلیں بچانے کے لیے سیلابی ریلے کا رخ شہر کی طرف کردیا ہے دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال کے باعث ٹھٹھہ میں کچے کے علاقے خالی کرانے کی ہدایت کی گئی ہے خیرپور کے کئی مقامات پر 10 سے 12 فٹ پانی جمع ہونے سے متاثرین محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔

دوسری جانب سوات اور نوشہرہ میں تباہی پھیلانے کے بعد سیلابی ریلے پنجاب میں داخل ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے میانوالی میں سیلاب کا خدشہ ہے حکام نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

دریائے سندھ پر بنے جناح بیراج کے مقام پر آج 7 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کا امکان ہے، سیلاب سے 47 موضع جات متاثر ہوسکتے ہیں۔

لوئر کوہستان: سیلابی ریلے سےشاہراہ قراقرم پر قائم کیہال پل کو خطرہ

Leave a reply