روسی بحریہ کے کمانڈر انچیف کا نیول ہیڈ کوارٹر کا دورہ، نیول چیف سے ملاقات ،اہم معاملات پر بات چیت

0
10

روسی بحریہ کے کمانڈر انچیف کا نیول ہیڈ کوارٹر کا دورہ، نیول چیف سے ملاقات ،اہم معاملات پر بات چیت

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق روسی بحریہ کے کمانڈر، ایڈمرل نکولئی اناطولیوئچ یومینوف نے نیول ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی۔

نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر، چیف آف دی نیول اسٹاف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پا ک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان نے یاد گار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور نیول ہیڈکوارٹرز میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کرایا گیا۔

بعدازاں ، چیف آف دی نیول اسٹاف نے ایڈمرل یومینوف سے اپنے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران، سمندری تحفظ واستحکام اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور بشمول دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم اور خطے میں میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں پاک بحریہ کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کو اجاگر کیا۔

نیول چیف نے پاکستان کے زیر اہتمام کثیرالملکی مشق امن- 19 میںروسی بحریہ کی شرکت پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا۔ روسی بحریہ کے کمانڈر ان چیف نے امن-19 کے کامیاب انعقاد اور خطے میں میری ٹائم سکیورٹی کے قیام میں پاک بحریہ کے اقدامات کو سراہا۔دونوں معزز شخصیات نے مختلف شعبہءجات میں دفاعی اشتراک کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

معزز مہمان کو پاک بحریہ کی جانب سے بحرہند کے خطے میں سکیورٹی کی صورتحال اور امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ معزز مہمان کو بھارتی حکومت کی طرف سے آرٹیکل 370 اور 35 -A کو منسوخ کیے جانے کے بعد کشمیریوں کی حالتِ زار اور پاکستان کی کشمیریوں کی حق و انصاف پر مبنی جدوجہد کی مسلسل حمایت سے آگاہ کیا گیا۔

پاکستان میں قیام کے دوران، روسی بحریہ کے کمانڈر ان چیف، لاہور میں پاکستان نیوی وار کالج کا دورہ کریں گے اور وار کالج کے کمانڈنٹ سے ملاقات بھی کریں گے۔ بعدازاں، معزز مہمان کراچی میں پاک بحریہ کے آپریشنل / ٹریننگ یونٹس، جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا دورہ کریں گے اور کمانڈر پاکستان فلیٹ، کمانڈر کوسٹ اور کمانڈر کراچی کے ساتھ ملاقات بھی کریں گے۔

کمانڈر ان چیف روسی بحریہ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم ا ور دونوں افواج کے مابین بالخصوص دفاعی تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔

Leave a reply