رائل ملائیشین نیوی کے سربراہ کو نشان امتیاز (ملٹری)

0
41

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رائل ملائیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل تان سری محمد رضا بن محمد سانی کو نشان امتیاز (ملٹری) عطا کیا ہے۔ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں خصوصی تقریب پیر کو یہاں ایوان صدر میں منعقد ہوئی

ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق ایڈمرل تان سری محمد رضا، جنہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد سے دفاع اور سٹریٹجک سٹڈیز میں سائنس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، کو یہ ایوارڈ دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو فروغ دینے اور مزید مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے اور پاکستان کا مخلص اور قریبی دوست ہونے کی حیثیت دیا گیا ہے۔

بعد ازاں ملاقات میں ایڈ مرل تان سری محمد رضا بن محمد سانی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ دفاع سمیت تمام شعبوں میں اپنے باہمی فائدہ مند برادرانہ دوطرفہ تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دفاعی شعبے میں موجودہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بحری تجارت کے تحفظ اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور دونوں ممالک کے اپنے اپنے بحری دائرہ اختیار میں مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔

صدر مملکت نے پاکستان کی جانب سے منعقد کی جانے والی بحری مشقوں میں ملائیشین بحریہ کی شرکت کو سراہا اور ملائیشین میری ٹائم سے متعلقہ صنعت کو پاکستان میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2023 (PIMEC-23) میں شرکت کی دعوت دی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن (آسیان) میں مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بننے کے لیے ملائیشیا کی مسلسل حمایت کا خواہشمند ہے تاکہ آسیان کے ساتھ باہمی فائدہ مند تعلقات کو فروغ دیا جا سکے

Leave a reply