روسی نائب وزیر دفاع کی آرمی چیف سے ملاقات

army chief

اسلام آباد: روسی فیڈریشن کے نائب وزیر دفاع، الیگزینڈر وی فومن نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں فریقین نے دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور دفاعی تعلقات کو مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس موقع پر روس کے ساتھ دیرینہ روایتی دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دفاعی شراکت داری دونوں ممالک کی علاقائی امن و استحکام کے لیے اہم ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ملاقات میں دہشتگردی اور خطے کی سلامتی کے اہم امور بھی زیر بحث آئے۔ اس موقع پر روسی نائب وزیر دفاع الیگزینڈر وی فومن نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جو کردار ادا کیا ہے، وہ عالمی سطح پر قابلِ تعریف ہے۔روسی نائب وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون سے خطے میں استحکام کی فضا پیدا ہوگی اور یہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتے جائیں گے۔ دونوں فریقین نے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے اور مشترکہ تربیتی مشقوں میں اضافہ کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ملاقات کے اختتام پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور روس کے تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم اور متنوع ہوں گے۔

Comments are closed.