روسی فوج کا ٹرانسپورٹ طیارہ (An-22 transport plane)ٹیسٹ فلائٹ کے دوران ماسکو سے 254 کلومیٹر دور شمال مشرق میں ایوانوو ریجن میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے ۔
سرکاری میڈیا نے روسی وزارتِ دفاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مذکورہ بالا اے این 22 طیارہ مرمت کے بعد آزمائشی پرواز پر تھا،طیارہ ایک غیر آباد علاقے میں گر کر تباہ ہوا،واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔یاد رہے روس نے گزشتہ سال اے این 22 تمام طیاروں کو سروس سے ہٹا دینے کا اعلان کیا تھا۔
1965 میں اُس وقت کے سوویت یونین کے حصے کیف میں تیار کیا گیا یہ ٹربو پراپ طیارہ آج بھی اپنی جسامت، صلاحیت اور تاریخ کی وجہ سے منفرد مقام رکھتا ہے،دنیا کے سب سے بڑے ٹربو پراپ طیارے کا اعزاز رکھنے والا An-22 فوجی اور ہنگامی آپریشنز میں غیر معمولی کارکردگی کا حامل سمجھا جاتا ہے،یہ طیارہ بیک وقت 29 مسافروں کے ساتھ کارگو، 290 فوجی اہلکار یا 206 زخمیوں کو منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ اس کا زیادہ سے زیادہ پے لوڈ 60 ٹن تک پہنچتا ہے۔
ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ An-22 جیسے بوڑھے مگر طاقتور طیارے روسی فضائی بیڑے میں اب بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، تاہم ان کی دیکھ بھال اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگی ناگزیر ہو چکی ہے۔








