راولپنڈی ٹیسٹ؛ پاکستان کو مزید 263 رنز درکار، انگلینڈ 8 وکٹیں دور

0
75

راولپنڈی ٹیسٹ؛ پاکستان کو مزید 263 رنز درکار، انگلینڈ 8 وکٹیں دور

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا جارہا ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے دن انگلینڈ نے پاکستان کو فتح کے لیے 343 رنز کا ہدف دیا جواب میں کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنالئے ہیں۔

343 رنز کا تعاقب

343 رنز کے تعاقب کے لئے امام الحق اور عبداللہ شفیق میدان میں اترے۔ 20 رنز کے مجموعے پر پاکستان کو پہلا نقصان عباللہ شفیق کی صورت میں اٹھانا پڑا۔
پہلی اننگز میں سینچری بنانے والے عبداللہ شفیق صرف 6 رنز ہی بناپائے۔

2 گیندیں کھیل کر ہی اظہر علی ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، جس کے بعد کپتان بابر اعظم میدان میں اترے۔

پاکستان کا اسکور 25 رنز تھا تو بابر اعظم 4 رنز بناکر پویلین کو واپس لوٹ گئے اور اپنے ساتھ میچ جیتنے کی ساری تمنائیں بھی لے گئے۔

خراب روشنی کے باعث کھیل 10 اوورز پہلے ہی ختم کردیا گیا، اس وقت تک پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنالئے ہیں۔

امام الحق 43 جب کہ سعود شکیل 24 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کو جیت کے لئے مزید 263 رنز درکار ہیں جب کہ انگلینڈ فتح سے 8 وکٹوں کی دوری پر ہے۔
انگلینڈ کی دوسری اننگز

ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 78 رنز کی برتری سے کیا۔ پہلی اننگز میں جارحانہ انداز میں سینچری اسکور کرنے والے بین ڈکیٹ (Ben Duckett) کھاتہ کھولے بغیر ہی نسیم شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔

پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے ایک اور بلے باز اولی پوپ (Ollie Pope ) بھی اس بار کچھ خاص نہ کرسکے، وہ 15 رنز پر محمد علی کا شکار بنے۔

96 رنز پر پاکستان کو تیسری کامیابی بھی محمد علی نے دلائی، انہوں نے زیک کرولی (Zak Crawley ) کو آؤٹ کیا۔ زیک کرولی (Zak Crawley ) نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

جو روٹ اور ہیری بروک نے 96 رنز کی شراکت قائم کی، 192 رنز پر جو روٹ کو زاہد محمود نے آؤٹ کیا۔ انہوں نے 73 رنز بنائے۔

192 رنز ہی کے مجموعے پر زاہد محمود نے بین اسٹوکس کو آؤٹ کیا، انگلینڈ کے کپتان اپنا کھاتہ بھی نہ کھول پائے۔

پاکستان کو چھٹی وکٹ آغا سلمان نے اس وقت دلائی جب انگلینڈ کا سکور 248 رنز تھا، ول جیکس نے 13 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔

264 رنز پر نسیم شاہ نے ہیری بروک کو بولڈ کیا تو انگلینڈ نے اننگز ڈیکلیئر کردی۔ ہیری بروک نے 87 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔
پاکستان 579 پر آؤٹ

راولپنڈی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان نے 499 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور پوری ٹیم 579 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق، عبداللہ شفیق اور بابر اعظم نے سینچریاں بنائیں۔ اس کے علاوہ آغا سلمان 53، سعود شکیل 37، محمد رضوان 29 اور اظہر علی 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ول جیکس (Will Jacks) نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جیک لیچ (Jack Leach) نے 2 جب کہ جیمز اینڈرسن اور اولی رابنسن نے ایک ایک وکٹ لی۔

حارث رؤف

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے مطابق حارث رؤف راولپنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بولنگ کے لیے دستیاب نہیں۔ حارث رؤف راولپنڈی ٹیسٹ میں صرف بیٹنگ کریں گے۔ بورڈ کے مطابق حارث رؤف دائیں ٹانگ میں کھنچاؤ محسوس کر رہے ہیں۔

Leave a reply