رواں سال 2021 میں تقریباً 660 ارب روپے مالیت کے رہائشی تعمیراتی منصوبوں کا آغاز

0
25

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ڈیویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس ہوا ہے

چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر نے قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاوسنگ، تعمیرات اور ڈویلپمینٹ کے فورم سے ٹیکس مراعات، بینک فنانسنگ، مارک اپ سبسڈی، سہولت کاری رجیم اور فورکلوزر قوانین کے ضمن میں برآمد ہونے والے حوصلہ افزا نتائج پر بریفنگ دی ہے اور حکومتی و نجی شعبے کی ہاوسنگ تعمیراتی منصوبوں میں اب تک ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا ہے.

سیکرٹری ہاوسنگ نے اجلاس کو بریفنگ دی ہے کہ رواں سال میں تقریباً 660 ارب روپے مالیت کے تعمیراتی منصوبوں کا آغاز ہو جائے گا. سیکرٹری ہاوسنگ نے شرکاء کو وزارت ہاوسنگ کے ملک میں سستے اور کم لاگت ہاوسنگ منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی ہے. گورنر اسٹیٹ بینک نے ہاوسنگ فنانس کے حوالے سے متعین کردہ اہداف میں توقع سے بڑھ کر کامیابی پر شرکاء کو بریفنگ دی ہے. اسٹیٹ بینک کی جانب سے عوام الناس کو بینکوں سے مکانات کی تعمیر کے لئے قرضوں کے حصول میں آسانی فراہم کرنے اور شکایات کے ازالے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان آن لائن پورٹل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا آغاز اگلے ہفتے کر دیا جائے گا.

اس آن لائن پورٹل کے قیام کی بدولت عوام کو بینکوں سے قرضوں کے حصول میں درپیش مشکلات اور تاخیر کا خاتمہ ممکن ہو گا۔ اس ضمن میں اسٹیٹ بینک کے 16 ریجنل دفاتر میں عوام کی سہولت کے لئے اسپیشل کاونٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ پورٹل کے ذریعے بینکوں کے ریجنل فوکل پرسنز اور اسٹیٹ بینک کے چیف مینیجرز درخواستوں پر عملدرآمد کے حوالے سے مانیٹرنگ کر کے قرضوں کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ، قرضوں کے حصول کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے کے لیے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے آن لائن پورٹل کے قیام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کی بدولت عام آدمی کو گھر کی تعمیر کے لئے قرض کے حصول میں آسانی ممکن ہو گی. وزیراعظم عمران خان نے ہاؤسنگ کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی متعین کردہ مدت کے اندر تکمیل پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام کے لئے ذاتی اور کم لاگت چھت کی فراہمی ممکن ہو سکے ۔ وزیراعظم عمران خان نے سمندر پار پاکستانیوں کو ہاوسنگ اور تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے درپیش مسائل اور رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کی خصوصی ہدایات دیں۔

وائس چیئرمین ایل ڈی اے نے نیا پاکستان ہاوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے تحت کم آمدنی والے طبقے کے لئے اپارٹمنٹس اسکیم کے منصوبے پر پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے شرکاء کو آگاہ کیا کہ اس منصوبے کا جلد ہی آغاز کر دیا جائے گا ۔سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت کی جانب سے ورکرز ویلفیئر فنڈ کے رہائشی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے.

چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ کی جانب سے صوبے کے مختلف اضلاع میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے حوالے سے موجودہ ہاوسنگ اسکیموں اور اضافی سائیٹس کی ڈویلپمینٹ پر پیش رفت پر آگاہ کیا گیا ہے.

Leave a reply