بنگلادیش : سابق کرکٹر مشرفی مرتضیٰ کے گھر پر مظاہرین کا حملہ، اہم حکومتی عمارتیں نذر آتش

0
95

ڈھاکا: بنگلادیش میں جاری ہنگامی صورتحال کے دوران مظاہرین نے سابق کرکٹ کپتان اور عوامی لیگ کے رکن پارلیمنٹ مشرفی مرتضیٰ کے گھر کو نذر آتش کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس اور سکیورٹی فورسز نے طلباء کو حراست میں لے کر ان پر گولی چلائی، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر احتجاج شروع ہو گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش میں طلباء کے قتل عام اور وسیع پیمانے پر گرفتاریوں پر حکومتی خاموشی کے خلاف مظاہرین نے عوامی لیگ کے رکن پارلیمنٹ مشرفی مرتضیٰ کے گھر پر حملہ کیا۔ مظاہرین نے ان کے گھر پر توڑ پھوڑ کی اور پھر اسے آگ لگا دی۔ مشرفی مرتضیٰ، جو کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد 2018 میں سیاست میں آئے تھے، نے شیخ حسینہ کی زیرقیادت عوامی لیگ میں شمولیت اختیار کی اور رکن پارلیمنٹ کی نشست جیتی۔ مشرفی مرتضیٰ نے مختلف فارمیٹس میں بنگلادیش کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی اور اپنے وسیع کرکٹ کیریئر کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ میں 390 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 36 ٹیسٹ، 220 ون ڈے اور 54 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 2,955 رنز بنائے۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سابق کرکٹر نے 2018 میں سیاست میں قدم رکھا اور عوامی لیگ میں شمولیت اختیار کر کے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے ایک نشست بھی جیتی۔
بنگلادیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے استعفیٰ اور بھارت روانگی کے بعد مظاہرین نے عوامی لیگ کی اہم عمارتوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ شیخ حسینہ کے استعفیٰ دینے کے بعد مشتعل مظاہرین نے ڈھاکا میں شیخ مجیب الرحمان کی ذاتی رہائش گاہ 32 دھان منڈی، جو اب بنگابندھو میموریل میوزیم ہے، کو بھی آگ لگا دی۔آج شام تقریباً 4 بجے ایک گروپ نے عوامی لیگ کے صدر دفتر کو آگ لگا دی۔ مظاہرین نے شیخ حسینہ اور عوامی لیگ کے خلاف نعرے بازی کی اور عمارت میں موجود فرنیچر سمیت مختلف اشیاء کو لوٹ کر لے گئے۔ ایک اور گروپ نے عوامی لیگ کے ڈھاکا میں قائم ضلعی دفتر کو بھی نذر آتش کر دیا، جس کی وجہ سے قریبی گیس سلنڈر کی دکان بھی آگ کی لپیٹ میں آگئی۔32 دھان منڈی ڈھاکا میں شیخ مجیب الرحمان کی ذاتی رہائش گاہ ہے اور یہی وہ جگہ ہے جہاں 15 اگست 1975 کو فوجی بغاوت کے دوران انہیں قتل کیا گیا تھا۔ یہ رہائش گاہ اب بنگابندھو میموریل میوزیم کے طور پر جانی جاتی ہے۔احتجاجی کارکنوں نے ڈھاکا میں وزیراعظم ہاؤس پر بھی دھاوا بول دیا اور قیمتی ساڑھیاں بھی لوٹ لیں۔ عوامی لیگ کی اہم عمارتوں کو نشانہ بنانے والے مظاہرین نے شیخ حسینہ اور عوامی لیگ کے خلاف نعرے بازی کی اور عمارتوں میں موجود قیمتی اشیاء کو لوٹ کر لے گئے۔

Leave a reply