شامی صدارتی محل کی صدر کے ملک چھوڑنے کی اطلاعات کی تردید
![president](https://baaghitv.com/wp-content/uploads/2024/12/WhatsApp-Image-2024-12-08-at-12.51.24-AM.jpeg)
دمشق: شامی صدارتی محل نے صدر بشار الاسد کے ملک چھوڑنے کی اطلاعات کی تردید کردی۔
باغی ٹی وی : غیر ملکی میڈیا کے مطابق شامی صدر بشار الاسد کے ملک چھوڑنے کی اطلاعات کے چند گھنٹے بعد شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے شامی صدارتی محل کا بیان جاری کیا جس میں ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئےکہا گیا ہےکہ صدر دمشق میں ہی ہیں اور اپنی ذمہ داریاں سرگرمی سے نبھانے میں مصروف ہیں۔
واضح رہےکہ شام میں باغی حمص میں داخل ہوگئے ہیں اور باغیوں کی دمشق کی طرف پیش قدمی جاری ہے، باغیوں نے دمشق کے جنوبی ٹاؤن صنمین پر قبضےکا دعوٰی بھی کیا ہے،ایسے میں اطلاعات سامنے آئیں کہ بشارالاسد اپنے خاندان کے ساتھ ملک سے فرار ہوگئے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق شامی اپوزیشن باغیوں کے ایک کمانڈر حسن عبدالغنی نے بتایا ہے کہ ہماری افواج نے دارالحکومت دمشق کو گھیرے میں لینےکا آخری مرحلہ شروع کر دیا ہے جبکہ امریکی میڈیا کا کہنا ہےکہ شام میں موجود ایران کی پاسدارن انقلاب کے اعلیٰ فوجی عہدیدار شام سے نکل چکے ہیں، تمام ایرانی فوجی عہدیدار خصوصی پرواز کے ذریعے دمشق سے تہران روانہ ہوگئے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق اردن اور مصر نے شامی صدر بشار الاسد کو شام چھوڑنے کا مشورہ دے دیا، تاہم شامی صدر نے انکار کر دیا ہے، ترک، ایرانی اور روسی وزرائے خارجہ کی دوحا میں ملاقات ہوئی ہے، جس میں شامی حکومت اور باغی گروپوں سے فوری مذکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے شام میں مقامی بغاوتیں شروع ہونے سے صدر بشارالاسد کی اقتدار پر گرفت کو شدید جھٹکا لگا ہے۔
شام میں بشارالاسد مخالف فورسز نے جنوبی شہر درعا کے بعد حمص پر قبضہ کر لیا ہے، یہ ایک ہفتے میں شامی حکومتی فورسز کے ہاتھوں کھو جانے والا چھٹا شہر ہےفوج نے ایک معاہدے کے تحت درعا سے دستبرداری پر رضامندی ظاہر کی جس کے تحت فوج کے اہلکا ر وں کو دمشق کے شمال میں تقریباً 100 کلومیٹر (60 میل) کے فاصلے پر محفوظ راستہ فراہم کیا –