ساہیوال:عوام بڑی مشکل میں پھنس گئی۔۔۔۔۔

ساہیوال:500 کے وی گرڈ اسٹیشن یوسف والا سے شہر کے تمام میپکو گرڈ سٹیشنز کو بجلی کی فراہمی معطل،بروقت پیشگی اطلاع جاری نہ ہوسکنے کی بناء پر عوام شدید مشکلات کا شکار،معمولات زندگی درہم برہم،بجلی کی فراہمی مرمتی کام کی وجہ سے معطل کی گئی،گرڈ حکام
تفصیلات کے مطابق آج علی الصبح ہی ساہیوال کے نواحی علاقے یوسف والا میں قائم 500کے وی گرڈ اسٹیشن سے ساہیوال کے تمام 132کےوی گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی یکدم معطل کردی گئی،جس کی وجہ سے عوام الناس کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،گھروں میں پانی ناپید ہوگیا،لوگ سب کچھ بھول کر پانی کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے گھروں میں خواتین ناشتہ تیار کرنے سے قاصر رہیں،اسی وجہ سے بہت سے ملازمین دفاتر میں جانے سے رہ گئے یا تاخیر سے پہنچے،جبکہ ڈی اے ای کے سالانہ امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء بھی شدید متاثر ہوئے،جمعہ کے دن بجلی بند ہونے سے عوام الناس نہانے دھونے سے بھی رہ گئے،گرڈ حکام کے مطابق معمول کے مرمتی کام کی وجہ سے ہونے والی بجلی کی یہ بندش طے شدہ تھی اور اس سے میپکو حکام کو آگاہ کردیا گیا تھا تاہم عوام الناس کے بقول انہیں نہ تو کسی بھی طرح سے کوئی پیشگی اطلاع دی گئی اور نہ ہی کوئی متبادل انتظام کرنے کا کہا گیا،جبکہ مقامی صحافیوں کو بھی بار بار پوچھنے پر ایس ڈی او نے انتہائی تاخیر کے ساتھ صورتحال کے متعلق آگاہ کیا،ان کا کہنا تھا کہ بس بار کنڈیکٹر کی تبدیلی کے پیش نظر یہ تعطل لگ بھگ 17 گھنٹے جاری رہے گا،این ٹی ڈی سی کی ٹیم جانفشانی سے کام کر رہی ہے اور کوشش ہے کہ کم سے کم وقت میں سارا کام مکمل ہوجائے،اس دوران شہر کو متبادل ذرائع سے وقفے وقفے سے بجلی کی فراہمی کی جاتی رہے گی،واضح رہے کہ بجلی کی تقسیم کار ان کمپنیوں کے پاس ایسی صورتحال میں عوام الناس کو قبل ازوقت اطلاع نہ دینا معمول بنتا جارہا ہے،آج پیدا ہونے والی ساری صورتحال کے ذمہ دار این ٹی ڈی سی حکام ہیں یا میپکو کے ذمہ داران یہ تو شاید معلوم نہ ہوسکے لیکن بجلی کی اس عارضی بندش نے عوام الناس کو شدید مشکلات کا سامنے کرنے پر مجبور کرکے بجلی اور واپڈا کی قدر و قیمت ضرور اجاگر کردی ہے

Comments are closed.