ساہیوال:معروف کاروباری مرکز میں خوفناک آتشزدگی،کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر

0
51

ساہیوال:خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا،آتشزدگی کا یہ خوفناک واقعہ ضلع ساہیوال کی نواحی تحصیل چیچہ وطنی کے کمبوہ چوک میں واقع مشہور کاروباری مرکز سرمہ والا کارپوریشن میں پیش آیا،تفصیلات کے مطابق آج منگل کے روز علی الصبح ہی چیچہ وطنی کے مشہور کاروباری مرکز سرمہ والا کارپوریشن کی بالائی منزل پر مبینہ طور پر بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہی پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور آگ بجھانے والی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا گیا،تاہم شدید محنت اور کوشش کے باوجود  آگ پر قابو پانے میں کم و بیش ڈیڑھ گھنٹا لگ گیا جس دوران عمارت میں موجود کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا،

واضح رہے کہ سرمہ والا کارپوریشن کے نام سے پاکستان کے کئی شہروں میں اقساط پر ضروریات زندگی کا سامان فروخت کیا جاتا ہے جو کہ زیادہ تر بیش قیمت ہوتا ہے،اس سامان میں الیکٹرانک و الیکٹرک کی مشہور کمپنیوں کی مختلف اشیاء، ریفریجیٹر،ایئرکنڈیشنر،ایل ای ڈیز،مائیکروویو اوونز اور موٹرسائیکلز وغیرہ شامل ہیں،
یاد رہے کہ سرمہ والا کارپوریشن میں یہ کم عرصے کے دوران پیش آنے والا آتشزدگی کا دوسرا واقعہ ہے،
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے عموماً ایسی عمارتوں میں فائر سیفٹی کا کوئی باقاعدہ انتظام نہیں ہوتا اور نہ ہی بجلی کی وائرنگ حفاظتی معیار کے مطابق ہوتی ہے،اکثر اوقات یہی عوامل آتشزدگی کا سبب ہونے کے ساتھ ساتھ آگ کو بھڑکانے کا باعث بھی بنتے ہیں،
لیکن سول ڈیفنس سمیت متعلقہ ادارے اس معاملے سے چشم پوشی برتتے چلے آئے ہیں اور چند ایک نمائشی پروگرامات یا فوٹو سیشن کروانے کو ہی اعلی کارکردگی سمجھ لیا جاتا ہے

Leave a reply