پاکستان اور ترکی کی کو پروڈکشن تاریخی ڈرامہ صلاح الدین ایوبی کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے، ٹیزر خاصا مختصر ہے ، اور بہت پسند کیا جا رہا ہے۔ ٹیزر میں مرکزی کردار دکھایا گیا ہے اور صلاح الدین ایوبی کو اسلامی ریاست کا پرچم ہاتھ میں تھامے دوڑتے گھوڑے پر دیکھا جا سکتا ہے۔صلاح الدین ایوبی کے مناظر کے پس پردہ اغور غنیش کی آواز سنائی دیتی ہے جو کہ ترک زبان میں ہے، تاہم ٹیزر میں ترک زبان کا انگریزی ترجمہ دیا گیا ہے۔ٹیزر کے اختتام پر صلاح الدین ایوبی کو دور سے مسجد اقصیٰ کو دیکھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ڈرامے کے ٹیزر کو صلاح الدین ایوبی کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار اغور غنش سمیت ڈرامے کے پروڈیوسرز میں شامل پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے بھی اپنے اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹس پر شیئر کیا۔عدنان صدیقی نے ڈرامے کے ٹیزر کو شیئر کرتے ہوئے پاکستانی اور ترکیہ کے پروڈکشن ہاوسز اور پروڈیوسرز کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے پروڈیوسرز میں ہمایوں سعید کا نام بھی لکھا۔
”اسی ڈرامے کے حوالے سے اپریل 2023 میں ہمایوں سعید نے بتایا تھا کہ ممکنہ طور پر ڈرامے کو رواں برس کے اختتام تک پہلے ترکیہ میں نشر کیا جائے گا،” اس کے ایک سال بعد اسے پاکستان میں دکھایا جائے گا۔انہوں نے اس تاثر کو مسترد کردیا تھا کہ وہ ڈرامے میں مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے، تاہم بتایا تھا کہ وہ کچھ اقساط میں مختصر کردار ادا کرتے دکھائی دے سکتے ہیں۔یاد رہے کہ اس ڈرامے کو دسمبر 2021 میں بنانے کا اعلان کیا گیا تھا ۔