سلمان خان نے2003 میں جعلی حلف نامہ پیش کرنے پر عدالت سے معذرت کرلی
بالی وڈ سُپراسٹار سلمان خان راجستھان میں 2 نایاب کالے ہرنوں کے شکار کے کیس میں جودھ پور سیشن کورٹ میں بذریعہ ویڈیو کانفرنس پیش ہوئے –
باغی ٹی وی :بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان راجستھان میں 2 نایاب کالے ہرنوں کے شکار کے کیس میں جودھ پور سیشن کورٹ میں بذریعہ ویڈیو کانفرنس پیش ہوئے اور کیس کی سماعت کے دوران عدالت میں 2003 میں غلطی سے جعلی حلف نامہ پیش کرنے پر معذرت کی۔
سلمان خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ 8 اگست 2003 کو جمع کرایا گیا حلف نامہ غلطی سے دیا گیا تھا کیونکہ سلمان بھول چکے تھے کہ ان کا اسلحے کا لائسنس تجدید کے لیے متعلقہ ادارے میں گیا ہوا ہے تاہم مصروفیت کے باعث حلف نامے میں کہہ دیا کہ لائسنس تو عدالت میں ہی گم گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عدالت کی جانب سے حتمی فیصلہ آج جاری کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 1998 میں راجستھان میں فلم کی شوٹنگ کے دوران 2 کالے نایاب ہرنوں کے شکار کے الزام میں سلمان خان کو گرفتار کیا گیا تھا اور ابتدائی طور پر ان کے خلاف آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اس کیس میں 2003 میں عدالت نے اداکار سے اسلحہ لائسنس طلب کیا تھا جس پر انہوں نے حلف نامے میں کہا تھا کہ وہ ان سے کھو گیا ہے اس سلسلے میں سلمان نے ممبئی کے ایک تھانے میں لائسنس گمشدگی کی ایف آئی آر بھی درج کرائی تھی۔
2018 میں ایک عدالت نے ہرن کے غیر قانونی شکار کے جرم میں سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا سنائی تھی اور انہیں جیل بھیج دیا گیا تھا تاہم وہ 2 راتیں جیل میں گزارنے کے بعد ضمانت پر رہا ہوگئے تھے۔