fbpx

ڈراما سیریل’صنف آہن‘ کا ٹیزر جاری

ہدایت کار ندیم بیگ کے نئے آنے والے ڈراما سیریل’صنف آہن‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے-

باغی ٹی وی : اے آر وائے ڈیجیٹل کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے مختصر دورانیے کے ٹیزر میں فی الحال صرف کرداروں کو متعارف کرایا گیا ہے جن میں سائرہ یوسف، سجل علی، کبریٰ خان، یمنٰی زیدی اور رمشا خان شامل ہیں-

ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ عام گھرانوں کی لڑکیاں کس طرح پاک فوج کا حصہ بن کر ’صنف نازک سے صنف آہن‘ کا سفر طے کرتی ہیں ٹیزر میں اداکاراؤں کو فوجی تربیت لینے سمیت یونیفارم میں ہتھیار چلاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

مختصر دورانیے کے ٹیزر کو اے آر وائے ڈیجیٹل کے سوشل میڈیا پیجز سمیت ڈرامے کی کاسٹ میں شامل اداکاراؤں نے بھی شیئرکیا ڈرامے کو جلد ہی نشر کیا جائے گا، تاہم اس کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا-

سائرہ یوسف، سجل علی، کبریٰ خان، یمنٰی زیدی اور رمشا خان کے علاوہ ’صنف آہن‘ کی مزید کاسٹ میں عثمان مختار، میرب علی اور سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں-

ڈرامے کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی ہے اور اسے ہمایوں سعید کی اہلیہ ثمینہ سعید ثنا شاہ نواز نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ ڈرامے کو بنانے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھی تعاون کیا ہے۔

ڈرامے کے حوالے سے اداکارہ سائرہ یوسف کا کہنا ہے کہ صنف آہن‘ کی کہانی فوج کی 5 خواتین افسران کے گرد گھومتی ہے جو مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خاندانوں سے تعلق رکھتی ہیں مگر آرمی کا حصہ بننے کے بعد ان کی منزل ایک ہوجاتی ہے۔