سانحہ ماڈل ٹاؤن، لاہور ہائیکورٹ حکومت پر برہم،کہا عدلیہ کمزور نہیں، آئندہ سماعت کے لئے بڑا حکم

0
23

سانحہ ماڈل ٹاؤن، لاہور ہائیکورٹ حکومت پر برہم، آئندہ سماعت کے لئے بڑا حکم دے دیا

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے درخواستوں پر سماعت ہوئی، دوران سماعت عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ آخری موقع دے رہے ہیں اگر آئندہ سماعت ریکارڈ پیش نہ کیا تو ذمہ دار افسران کو طلب کریں گے،عدالت نے آئندہ سماعت پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دونوں جے آئی ٹیز کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا

عدالت نے جے آئی ٹی بنانے کے حوالے سے کابینہ کی منظوری کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم بھی دیا،عدالت نے جے آئی ٹی کی تشکیل کیلئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھجوائی گئی سفارشات کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا،عدالت نے درخواستوں پر سماعت 14 جنوری تک ملتوی کردی

جسٹس محمد قاسم خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ،صوبائی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مشتاق موہل پیش ہوئے.ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مشتاق موہل نے عدالت میں کہا کہ بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلوں کی وجہ سے ریکارڈ دستیاب نہیں ہوسکا،عدالت متعلقہ ریکارڈ فراہم کرنے کیلئے مہلت دے،

عدالت نے کہا کہ کابینہ کی منظوری کا نوٹیفکیشن چاہیے جس میں نئی جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ ہوا، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے سپریم کورٹ میں پیشی کیلئے کیا ایڈوائس دی، متعلقہ افسران و افراد سے بیان حلفی طلب کر سکتے ہیں، آئندہ سماعت پر یہ تمام دستاویزات پیش کرینگے یا چیف سیکرٹری سمیت دیگر افسران کو طلب کریں،

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مشتاق موہل نے کہا کہ متعلقہ دستاویزات آئندہ سماعت پر پیش کردی جائیں گی، جس پر عدالت نے کہا کہ یہ بات ذہن میں رکھیں کہ عدلیہ کمزور نہیں، یہ سرکار اتنی طاقتور ہے کہتی ہے یہ کیس پندرہ بیس دن بعد کیلئے رکھ لیں،

Leave a reply