وزیر اعلیٰ‌ پنجاب سے شیخ رشید احمد کی ملاقات، کشمیر و دیگر امور پر گفتگو

0
28

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے ملاقات کی ہے، اس موقع پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت بھی موجود تھے،

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی فوج کے ظلم و ستم کی پرزورمذمت کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا گیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مودی سرکار کی تاریخی غلطی نے کشمیر کی جدوجہد آزادی میں نئی روح پھونک دی ہے، مقبوضہ کشمیر کا بچہ بچہ آزادی مانگ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث مقبوضہ کشمیر میں بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، پیلٹ گنز کی گولیاں، کرفیو اور لاک ڈاؤن بھی بہادر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں کچل سکے، انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے ظلم و ستم کی تاریخ دہرا کر ہٹلر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، عالمی میڈیا نے بھی کشمیر ی عوام پر ہونے والے بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ہے – اقوام عالم کو مظلوم اور نہتے کشمیریوں کا ہاتھ تھامنا پڑے گا،

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ بے حسی اور بے رخی کی پالیسی نہیں چل سکتی، زبانی جمع خرچ کا وقت گزرچکا ہے، ظالم کا ہاتھ روکنے اور مظلوموں کی مدد کیلئے اقوام عالم کو فی الفور عملی اقدامات کرنا ہوں گے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیر کا مقدمہ جرأت اور مدلل انداز میں لڑرہے ہیں، کشمیرکے ساتھ دل اور روح کا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا، وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر ایک ہی لڑی میں پروئے ہوئے ہیں، مودی کو اپنے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام پر منہ کی کھانا پڑے گی، انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا کشمیری عوام کے ساتھ ہے، معصوم کشمیریوں پر بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اورکشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا،

Leave a reply