سرفراز کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کپتان سرفراز کے لیے خطرے کی گھنٹی بجنا شروع ہوگئی . اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی نے کپتان سرفراز احمد کی کارکردگی اور فٹنس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں فارمیٹ کی کپتانی کی دوران ان سے کئی غلطیاں ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق سرفراز سے متعلق پی سی بی کی طرف سے شکووں کا سلسلہ جمعہ 2 اگست کو کرکٹ ٹیم کی تین سالہ کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ہونے والے کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں شروع ہوگیا تھا جب منیجنگ ڈائریکٹر پی سی بی و سربراہ کرکٹ کمیٹی وسیم خان نے کپتان سرفراز احمد سے کہا کہ ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے، اگر آپ کو سمجھ نہیں آرہا تھا تو آپ مجھ سے فون کرکے پوچھ سکتے تھے۔
ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں ایک موقع پر سرفراز احمد، وسیم خان کی بات سننے کے بعد کچھ دیر کیلئے حیرت میں مبتلا ہوگئے۔ وسیم خان سرفراز احمد سے سوال پوچھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے مؤقف کی بھی حمایت کررہے تھے۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست وسیم اکرم، مدثر نذر اور ذاکر خان بھی موجود تھے۔
عمران خان بھی بھارت کے خلاف میچ سے قبل سرفراز احمد اور مکی آرتھر کو پہلے بیٹنگ کرنے کا مشورہ دے رہے تھے۔ ہیڈ کوچ اور کپتان کو اسی حوالے سے زیادہ سوالات کا سامنا رہا۔
کمیٹی پہلے مرحلے میں کوچنگ اسٹاف کے حوالے سے تجاویز تیار کر رہی۔ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں کپتان سرفراز احمد سے ان کی کپتانی اور انفرادی کارکردگی کے حوالے سے زیادہ سوالات ہوئے۔